• news

سیاسی جماعتیں سی پیک کی کامیابی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں، ہائیکورٹ بار: بھارت، امریکہ معاہدے کے خلاف متفقہ قرارداد

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار نے بھارت اور امریکہ کے مابین سٹرٹیجک معاہدہ کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار رانا ضیاء عبدالرحمن کی صدارت میں جنرل ہائوس اجلاس میں سردار آفتاب احمد ورک ایڈووکیٹ کی قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے سٹرٹیجک معاہدہ کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کے اڈے استعمال کرسکیں گے‘ بالخصوص پاکستان اور چین اور بالعموم بین الاقوامی امن کیخلاف ایک خوفناک معاہدہ ہے‘ ہم وکلاء قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سلامتی کیخلاف اس معاہدہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور نامنظور کرتے ہیں۔ ہم حکومت وقت اور پاک فوج سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ مضبوط ترین قومی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اس معاہدہ کو رد کریں اور عالمی برادری میں اس کیخلاف بھر پور آواز اٹھائیں۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے اور اسکی حفاظت بھی ہم ہی کریں گے اسکی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہمیں انتھک محنت کرنا ہو گی تاکہ آنیوالی نسلوں کو ہم ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دیکر جائیں۔ تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اختلافات بھلا کر ملک کی سلامتی اور سی پیک کی کامیابی کیلئے مشترکہ کوشش کریں۔ رائے بشیر احمد، احمد اویس، بیرسٹر ظفر اللہ خان ایڈووکیٹس نے قرارداد کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالم کفر اور عالم اسلام دو قوتیں ہیں۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے پاکستان کے وجود کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا۔ سی پیک کے حوالے سے بھارت کے بلوچ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن حکومت بالخصوص پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔

ای پیپر-دی نیشن