عمران خان‘ انکے ساتھی طوطا فال نکالنے والے ہیں‘ انتشار کو فروغ نہ دیں: گورنر
لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے عمران خان اور انکے حمایتیوں کو طوطا فال نکالنے والے سیاست دان قرار دے دیا۔ گورنر پنجاب کہتے ہیں اپوزیشن ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کی بجائے ملکی ترقی کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔ لاہور کے نجی ہسپتال میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ ملک اس وقت انتشار اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ عوام فیصلہ کرینگے کہ 2018ء میں کونسی پارٹی بہتر ہے۔ پانامہ لیکس اور کرپشن کا معاملہ عدالتوں میں ہے صرف الزام کی بنیاد پر کسی کو مجرم ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ عمران خان اور طاہر القادری انتشار کو فروغ نہ دیں‘ کسی کے گھر پر چڑھائی کرنا مناسب نہیں۔