لاڑکانہ پیکیج: پرانی آئینی درخواست کو جواز بنا کر میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے: نثار کھوڑو
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے سربراہ اورصوبائی وزیر خوراک نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پرانی آئینی درخواست کو جواز بنا کر پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے ۔سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے نے ثبوت کے طور پر ایک کاغذ بھی جمع نہیں کرایا پیپلزپارٹی پارٹی پر الزام لگایا گیا کہ اس نے اپنے گھر کو بھی نہیں بخشا ۔ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ یہ سب ادارے پاکستان کے لئے اہم ہیں۔ انکے تقدس کیلئے ہم عوامی نمائندوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اس کو آمریت سے بچایا ہے۔عدلیہ کیلئے ہم نے گولیاں کھائی ہیں اور عدلیہ کی بحالی کے لئے کوششیں کرتے رہے۔عدلیہ اپنے فیصلوں سے بولتی ہے یہ دنیا کا مسلمہ اصول ہے۔ لاڑکانہ پیکیج کے حوالے سے پرانی آئینی درخواست کو جواز بنا کر پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے ۔لاڑکانہ کے ترقیاتی پروگرام کیلئے 45 ارب روپے مختص تھے نوے ارب کی بات کہاں سے آگئی ہے ۔
نثار کھوڑو