کرپشن رقم کی رضاکارانہ واپسی‘چیف جسٹس نے چیئر مین نیب کے اختیارات کا ازخودنوٹس لے لیا
اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے چیئرمین نیب کے کرپشن کی رقم کی رضا کارانہ واپسی کے اختیارات کے معاملے پر ازخود نوٹس لے لیا۔ اٹارنی جنرل ، چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ۔ چیف جسٹس نے ازخود نوٹس رجسٹرار آفس کے بھجوائے گئے نوٹ پر لیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے گزشتہ روز چیئرمین نیب کے کرپشن کی رقم کی واپسی کے اختیارات نیب قانون کی دفعہ 25ّاے کو آئین سے متصادم قرار دیا تھا اور معاملے کا عدالتی جائزہ لینے کیلئے رجسٹرار آفس کو نوٹ بنا کر چیف جسٹس کو بھجوانے کا حکم دیا تھا تاکہ معاملے کا ازخود نوٹس لیا جاسکے۔ دو رکنی بینچ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے رجسٹرار آفس نے چیف جسٹس کو نوٹ بھجوا دیا جس کی چیف جسٹس نے منظوری دیتے ہوئے چیئرمین نیب ، اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹرکو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دے دیا اور معاملے کو ستمبر کے آخری ہفتے سماعت کیلئے منظور کرلیا۔