ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سی بی سلیکٹرز سر جوڑ لئے قومی ٹیم کی آج وطن واپسی
لاہور(نمائندہ سپورٹس +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹونٹی ‘ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے سر جوڑ لئے ہیں ۔قومی سلیکشن کمیٹی کاملتان میں اجلاس ہوا جس میں ویسٹ انڈیز کے دورے کیلئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا ۔انگلینڈ کیخلاف سیریزکے بعد پاکستان کا اگلا امتحان ویسٹ انڈیزسے سیریزہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیزکے درمیان تین ٹیسٹ،تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچزکی سیریز ستمبر اور اکتوبرمیں کھیلاجائیگی۔۔ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریزکیلئے کھلاڑیوںکے ناموں پر غور ہوا ہے ۔ سلیکٹرز کی جانب سے سلمان بٹ ،عمراکمل ،سعید اجمل ،کامران اکمل کی شمولیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔سلیکٹرز نے ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کو بھی طلب کرلیاہے۔ انگلینڈ کیخلاف سیریزمیں ٹیم کارکردگی کاجائزہ بھی لیا گیا ۔کھلاڑی 16،15ستمبرکوٹی20ایونٹ کے سیمی فائنلز،فائنل کھیلیں گے۔ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ مکمل کرنے کے بعد آج وطن واپس پہنچے گی جبکہ ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ ٹیم کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر انگلینڈ سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگئے ہیں اور وہ ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلئے قومی ٹیم کو دبئی میں جوائن کریں گے جبکہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور بھی انگلینڈ ہی میں قیام کریں گے۔قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، خالد لطیف اور شرجیل خان آج کراچی پہنچیں گے ۔ عماد وسیم، سہیل تنویر ، محمد رضوان اور محمد نواز اسلام آبادجبکہ شعیب ملک ، وہاب ریاض، محمد عامر ، بابر اعظم، حسن علی اور عماد بٹ لاہور آئیں گے۔قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کپتانی سے مستعفی ہونے سے انکار کردیا اور اپنے فیصلے سے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ 10 ستمبر کو وطن واپسی پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کردیں گے تاہم انہوں نے کپتانی چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کپتانی سے دستبرداری کی کوئی وجہ نہیں ہے۔معاملہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سبحان احمد کے سپرد کر دیا گیا ہے ۔