• news

پاکستان میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی: حکومت

پشاور (نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا کہ پاکستان میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، موجود ہ دور حکومت میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ایف آئی کے ساتھ مل کر جعلی ادویات کے خلاف 54 چھاپے مارے جن میں 723 ادویات جعلی برآمد کیں اور 6ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا، مالی سال 2015-16 میں ملک میں استعمال شدہ 49,348 کاریں برآمد کی گئیں، وفاقی دارالحکومت میں یکساں نظام صلوة آزمائشی طور پر نافذ کیا تھا جس کی پابندی لازم نہیں تھی، موثر قانون نہ ہونے کی وجہ سے نظام صلوة پر عمل درآمد یقینی نہیں بنایا جاسکتا، پاکستان نے گزشتہ سال 37.5 ملین روپے مالیت کے 1500 ٹن امرود برآمد کیا، وزارت پانی و بجلی کی مالی سال 2013-14 میں وصولیاں 89.1 فیصد تھیں جو بڑھ کر 2015-16 میں 94.4 فیصد ہوگئی ہیں،اسی طرح 2013-14 میں لاسز تقریباً 18.7فیصد تھے جو 2015-16 میں کم ہو کر 17.9 فیصد رہ گئے ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ارکان کے سوالات کے جواب وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی ،پارلیمانی سیکرٹری وزرات صحت ڈاکٹر درشن، پارلیمانی سیکرٹری صنعت راﺅ اجمل نے دیئے۔ رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور نے کہا ہے کہ آنے والے مہینوں میں صوبوں کے درمیان پانی کا بڑا بحران پیدا ہونے والا ہے کیونکہ تربیلا ڈیم میں سیزن کے دوران پانی جمع نہیں کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے جہلم نو منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ مطلوب مہدی نے حلف اٹھا لیا۔ قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی 2معیاری رپورٹوں سمیت8رپورٹیں پیش کردی گئیں جبکہ ہندو میرج بل 2016وفاقی وزیرکامران مائیکل کی درخواست پر موخر کردیا گیا۔ آن لائن کے مطابق وقفہ سوالات میں ممبران قومی اسمبلی نے لیسکو کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ لیسکو میں اگر کوئی رکن پارلیمنٹ اپنی گرانٹ سے بھی کام کروانا چاہے تو وہ کام نہیں ہو پاتا۔ جس پر عابد شیر علی نے کہا کہ جہاں بھی ایسے مسائل ہو رہے ہیں ان کی طرف توجہ دے رہے ہیں اور بہت جلد پوری لیسکو کے مسائل حل ہو جائیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
حکومت

ای پیپر-دی نیشن