موسم میں بہتری کے باوجود بجلی کی ڈیمانڈ کم نہ ہو سکی، لاہور: 11 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ
لاہور (نیوز رپورٹر+سپیشل رپورٹر) موسم میں بہتری کے باوجود بجلی کی ڈیمانڈ کم نہ ہو سکی۔ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے لیسکو نے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے۔ لاہور کے مختلف حصوں میں 8 سے 11 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ لیسکو کا خسارہ کم ہے مگر بجلی کی غیراعلانیہ بندش رکنے کا سلسلہ کم نہیں ہوا۔ ائرکنڈیشنرز کے استعمال میں کمی کے بعد بھی بجلی کی غیراعلانیہ بندش رک نہ سکی۔ لاہور کے گنجان آباد علاقوں میں زیادہ بجلی بند ہوتی رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لیسکو افسران شکایات کے حل کیلئے تعاون نہیں کر رہے۔ سرکاری موبائل پر صارفین کی شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا۔آن لائن کے مطابق حکومت نے عیدالاضحیٰ کے دنوں میں ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو عید قربان پر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،عید کے تینوں روز عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں تاہم ہائی لاسز ایریاز میں لوڈ شیڈنگ کی جائیگی وزارت پانی و بجلی ذرائع کے مطابق ملک بھر میں منگل، بدھ، جمعرات کو ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
11 گھنٹے لوڈشیڈنگ