بھارتی مظالم پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی کیخلاف مظفر آباد کے بچوں کا احتجاج
مظفرآباد (صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، پیلٹ گن کے استعمال اور اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف دارالحکومت مظفرآباد کے بچے سڑکوں پر نکل آئے۔ مقبوضہ کشمیر کے بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر چلڈرن اسمبلی کے بچوں کے فلک شگاف نعروں سے پورا شہر گونج اٹھا۔مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے لیے آزاد کشمیر میں بچوں کی قائم کردہ کشمیر چلڈرن اسمبلی سویرا ماڈل سکول کے زیر اہتمام شوکت لائن سے سینٹرل پر یس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی میں شریک بچوں نے بینزز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی حمایت اور بھارت مخالف نعرے درج تھے۔ علامتی بھوک ہڑتال کی ریلی مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد پر پہنچ کر بھارت کے خلاف احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر پیس اینڈ جسٹس فورم کے چیئرمین تنویرالاسلام،سینئر صحافی عارف بہار اور سکول کے طلباء وطالبات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے طاقت کے ذریعہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لیے مودی کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروائیں۔