• news

رائیونڈ مارچ کی نئی تاریخ، دو تین روز میں دونگا، شریف برادران کے گھر کا گھیرائو نہیں کریں گے: عمران

اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے + خصوصی رپورٹر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سو فیصد رائے ونڈ مارچ کریں گے، رائے ونڈ میں جلسہ کریں گے تاہم شریف برادران کے گھر کا گھیرائو نہیں کرینگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے میں شرکت کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔ باقی ساری جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔ کسی کے گھروں میں بالکل نہیں جائیں گے لیکن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔ دیگر جماعتوں کی مشاورت سے تاریخ بڑھا سکتے ہیں لیکن مارچ محرم سے پہلے ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو استعمال کیا گیا تو شہر بند کر دیں گے۔ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان دو‘تین روز میں کر دینگے۔ دھمکیاں دینے والے دراصل ڈر رہے ہیں اکیلے بھی رائیونڈ جانا پڑا تو جائیں گے۔ سارے پاکستان سے لوگوں کو بلا رہے ہیں، یہ تاریخی احتجاج ہوگا، ابھی حتمی تاریخ کا تعین نہیں ہوا۔ وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اداروں کو کمزور کررہے ہیں، موجودہ حکومت میں کوئی جمہوری ادارہ بہتر کام نہیں کررہا۔ حکومت نے سارے جمہوری اداروں پر قابو پالیا ہے۔ حکومت کی طرف سے پارلیمانی کمیٹیوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ پانامہ لیکس پر بات نہیں کرنی۔ کیا نیب اور ایف بی آر بہتر کام کررہے ہیں، پنجاب پولیس نے ماڈل ٹائون میں بے گناہ افراد کو مارا۔ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے۔ حکومت نے سارے جمہوری اداروں پر قابو پا لیا، کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے۔ یہ کرپشن چھپا رہے ہیں ان کیخلاف پوری قوم کو اکٹھا کررہے ہیں۔ اگلے لائحہ عمل کا اعلان رائے ونڈ جاکر کریں گے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔ نواز شریف کی حکومت مشرف حکومت سے بھی بدتر ہے۔ ایاز صادق کے سامنے بھی وہی تقریر کرتا جو جمعرات کو اسمبلی میں کی۔ میں ایاز صادق کو کبھی سپیکر نہیں کہوں گا۔ سپیکر ایک ادارہ ہے اسے غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ ہمارا رائے ونڈ کا گھیرائو کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ہم صرف جلسہ کررہے ہیں۔ تحریک انصاف پرامن احتجاج کررہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن