عید کے بعد رابطہ عوام مہم شروع ہو گی: پاکستان میں انتہا پسندی کے لئے جگہ نہیں: زرداری ، بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے لندن پہنچ گئے۔ سابق صدر کی زیر صدارت ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوگا۔ زرداری نے لندن روانگی سے قبل دبئی میں بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کی۔ پیپلز پارٹی نے ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عیدالضحیٰ کے بعد تنظیم سازی مکمل ہوتے ہی پیپلز پارٹی عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی۔ لندن میں قیام کے دوران سابق صدر یورپ میں مقیم پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں سے بھی ملیں گے۔ زرداری نے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا تصور ایک جمہوری، ترقی پسند اور جدید ریاست تھی جس کی بنیاد پارلیمانی وفاق تھا جس میں ملائیت اور مذہبی انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں تھی۔ آج بابائے قوم کی برسی کے موقع پر ہم ان اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس عزم کا تقاضہ ہے کہ ایک طرف تو ہم دہشتگردی کی ذہنیت کو شکست دیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم کی برسی پر پیغام میں کہا ہے کہ پی پی پاکستان میں انتہا پسندی داخل کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ قائداعظم کے نظریئے میں کسی تبدیلی کی اجازت نہیں دینگے۔