میرٹ ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے، تمام محکموں میں رائج کیا: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزےراعلیٰ شہبازشرےف سے پولیس کالج سہالہ میں تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اعزازات حاصل کرنے والے مرد و خواتین سب انسپکٹرز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ پنجاب پولیس کا عظیم سرمایہ ہیں اور عوام کو آپ سے بہت توقعات ہیں۔ آپ نے اپنی محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ عوام کو انصاف کی فراہمی ، مظلوموں کی داد رسی اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے آپ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر 800 باصلاحیت سب انسپکٹرز پولیس فورس میں شامل ہو رہے ہیں۔ پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس کی مکمل سپورٹ آپ کے ساتھ رہے گی۔ آپ آگے بڑھیں مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں اور ظالم کا ہاتھ روکیں۔ پولیس فورس میں باصلاحیت نوجوانوں کے اس تازہ دستے کی شمولیت پولیس فورس کے لئے نیک نامی پیدا کرے گی۔ میری آپ کو نصیحت ہے کہ جیسے بھی حالات پیش آئیں آپ نے اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹنا۔ پنجاب حکومت صوبے میں میرٹ اور شفافیت کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ تمام محکموں میں میرٹ اور صرف میرٹ کو رائج کیا گیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ترقی اور خوشحالی کی منزل کے حصول کا واحد راستہ میرٹ ہے۔ پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کا ہی ثمر ہے کہ غریب گھرانوں کے بچے پولیس افسر بن رہے ہیں۔ اعزازات حاصل کرنے والے پروبیشنر سب انسپکٹرز نے وزیراعلیٰ پنجاب کی میرٹ پالیسی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سہالہ میں ہمیں اعلی معیار کی تربیت دی گئی ، ادارے میں تربیت کا معیار ہر لحاظ سے بہتر تھا۔ علاوہ ازیں شہبازشرےف کی زیر صدارت اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے کے ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے کے ہیلتھ کئیرسسٹم کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہیلتھ کئیر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے نجی شعبے میں ہسپتال چلانے والی شخصیات کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے جہاں بے شمار چیلنجز ہیں وہاں پر ذاتی مفادات بھی موجود ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے نجی شعبے کو بھی حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنا ہے۔ وزےراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر پیش رفت اور ہیپاٹائٹس سے بچاﺅ اور روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور سیف سٹی پراجیکٹ پر پیشرفت کے تفصیلی جائزہ اجلاس میں پنجاب کے دیگر پانچ بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے اہم فیصلوں اور متعدد اقدامات کی اصولی منظوری دی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ پنجاب کو محفوظ، خوشحال اور پرامن بنانے کی جانب اہم قدم ہے اور اس حوالے سے سیف سٹی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل کا منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کے امور میں غفلت اور لاپرواہی پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈمک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کو پےشہ ورانہ انداز سے آگے بڑھانے کے حوالے سے بے پناہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل و گارمنٹس سیکٹر کے اس بڑے منصوبے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ شہبازشرےف وزےراعلیٰ آفس مےں تعےنات ڈپٹی سیکرٹری (کمیونیکیشن) امانت علی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے والد کے انتقال پر اظہارافسوس کےا۔