ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے زمین مختص کی جائے چاروں صوبوں‘ آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان کے چیف سیکرٹریز کو خط لکھا گیا ہے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر چاروں صوبوں‘ آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان کے چیف سیکرٹریز کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 46 ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے زمین مختص کی جائے۔ ایسا ہی خط اسلام آباد کی انتظامیہ کو بھی لکھا گیا۔ یہ تمام ہسپتال وفاقی حکومت چلائے گی۔ ہسپتال تعمیر کرنے کی تجویز کے مطابق راجن پور ‘ بھکر‘ جھنگ‘ صادق آباد اور راولپنڈی میں پانچ پانچ سو بستروں‘ بورے والا‘ احمد پور شرقیہ‘ کوٹ ادو‘ تونسہ‘ ساہیوال‘ پسرور ‘ لیہ میں اڑھائی اڑھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال بنانے کی تجویز ہے۔ جیکب آباد‘ میرپور خاص‘ بدین میں پانچ پانچ سو بستروں‘ اسلام کوٹ‘ نوشہرو فیروز میں اڑھائی اڑھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔ ہری پور اور چارسدہ میں پانچ پانچ سو بستروں‘ بٹگرام‘ ہنگو‘ فاٹا اور چترال میں اڑھائی اڑھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔ گڑھی حبیب اﷲ‘ چمن‘ پنجگورہ سو سو بستروں‘ خضدار‘ لورا لائی میں اڑھائی اڑھائی سو بستروں جبکہ سبی میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنائے جائیں گے۔ سکردو اور گلگت میں اڑھائی اڑھائی سو بستروں پر مشتمل‘ کریم آباد ہنزہ میں سو بستروں کا ہسپتال بنے گا۔ مظفر آباد میں اڑھائی سو بستروں‘ راولاکوٹ میں سو بستروں کوٹلی اور اٹھ مقام میں 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جائے۔ ان ہسپتالوں کی تعمیر سے ملک میں 13 ہزار 400 بستروں کا اضافہ ہو گا۔ ہسپتالوں میں بہترین سروسز کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ تین ہسپتال اسلام آباد میں بنیں گے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ یہ تمام ہسپتال حکومت کی معیاد کے اندر مکمل کئے جائیں۔
ہسپتال/ اراضی