کراچی: پولیس نے بنک ڈکیتی ناکام بنا دی، مقابلے کے بعد ایک ملزم گرفتار
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) نارتھ کراچی میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنک ڈکیتی ناکام بنادی اور ایک ملزم کو مقابلے کے بعد گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ اور بنک سے لوٹی ہوئی دو لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کرلی جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔‘ آئی جی سندھ نے پولیس پارٹی کیلئے ایک لاکھ روپے کیش انعام کا اعلان کیا ہے۔ بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر فائیو آئی میں واقع یو بی ایل بنک میں ہفتے کی صبح دو ملزمان اسلحہ کے زور پر داخل ہوئے اور بنک میں موجود تمام عملے کو یرغمال بنا کر کیش کاﺅنٹر سے دو لاکھ 16 ہزار روپے لے کر فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی ‘ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے پولیس نے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک ملزم محسن شیخ کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ اور بنک سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی جبکہ اسکا ساتھی شہزاد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ناکام