کھڈرو: 11 افراد کے قتل کا تصفیہ ظفراللہ جمالی کی سربراہی میں فریقین پر 95 لاکھ روپے جرمانہ
کھڈرو( نامہ نگار) کھڈر وکے قریب رند، جمالی خونی جھگڑے کا تصفیہ ہو گیا‘ فریقین پر 95 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیصلہ سابق وزیراعظم ظفر اللہ خان جمالی و دیگر نے روجھان جمالی میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق کھڈرو کے قریب گائوں ڈنڈو موری کے قرب و جوار کے رہائشی جمالی اور رند برادری کا تصادم 11انسانی جانیں لینے کا سبب بنا جس کا آغاز پسند کی شادی سے ہوا۔ گھر آباد ہونے کے بجائے دو عورتوں سمیت فریقین کے 11 افراد قتل ہونیکا سبب بنا۔ اس خونی تکرار کا فیصلہ سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی او رمحمد خان جونیجو کی سرپنچی میں روجھان جمالی میں فیصلہ ہوا فیصلے میں سردار محمد ایوب رند، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ضلع سانگھڑ رئیس خام حسین رند، محب خان بھی موجود تھے۔ گواہوں اور شواہد کے نتیجے میںجمالی برادری کے پانچ خون جن میں پسند کی شادی کرنے والی شمشاد خاتون جمالی شامل ہے جبکہ رند برادری کے 3 افراد اور مجموعی طور پر 8 افراد کا قتل ثابت ہوا۔ فیصلے میں رند برادری پر 55 لاکھ روپے جرمانہ او رجمالی برادری پر 40 لاکھ روپے جرمانہ ہوا۔