سپیکر کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کروں گا، اداروں کو مضبوط کرنے سے ہی جمہوریت مستحکم ہو گی: رضا ربانی
کراچی (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) قائمقام صدر رضا ربانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بھارتی مظالم قابل مذمت ہیں۔ پیلٹ گن سے کئی نوجوان معذور اور شہید ہوچکے، عالمی برادری بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں فوری طور پر رکوائے۔ وہ گزشتہ روز مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ قائمقام صدر نے قائداعظم کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کی تقاریر کا خلاصہ پاکستان کی ترقی کا روڈ میپ ہے۔ آئین پر سختی سے عمل کرنے سے ہی جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں قائمقام صدر نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے جو رولنگ دی ہے میں اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتا تاہم ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا اور اداروں کی مضبوطی اور آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد سے ملک ترقی کی جانب جائے گا۔ رضا ربانی نے کہا پہلی بار اقتدار ایک سویلین حکومت سے دوسری سویلین حکومت کو منتقل ہوا، ضرورت ہے کہ دوسری بار بھی سویلین حکومت انتخابات کے ذریعے منتخب ہو، اداروں کو مضبوط کیاجائے تو جمہوریت مستحکم ہو گی۔