• news

تبدیلی عوام کے ووٹ سے آنی چاہئے: خورشید شاہ، جمہوریت رائیونڈ جا کر تصادم کی اجازت نہیں دیتی: پرویز اشرف

سکھر+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاست کو کرپشن نے کھا لیا اس کے خاتمے پر توجہ نہیں دی جا رہی‘ ملک میں تبدیلی عوام کے ووٹ سے آنی چاہئے‘ بہترین راستہ جمہوری روایات ہیں‘ واضح پیغام دیا ہے کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس پر سمجھوتہ نہیں ہو گا‘ عمران کی اپنی پارٹی ہے وہ خود فیصلے کر سکتے ہیں۔ ٹی او آرز کمیٹی میں سب کے احتساب کی بات کی گئی تھی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ عوام سے رجوع کرنے کا طریقہ بندوق اور اسلحہ اٹھانا نہیں‘ ملک میں جمہوریت کا ہونا بہت ضروری ہے۔ پارلیمنٹ میں سپیکر کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہو گا اگر ہم پارلیمنٹ میں بیٹھیں تو سپیکر کو سپیکر ماننا پڑے گا‘ کرپشن ختم کرنے کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے‘ وسائل ہونے کے باوجود ہم آج بھی بھیک منگے ہیں۔ آئی ایم ایف سے قرض ملنے پر مبارکباد دیتے ہیں جو ڈوب مرنے کا مقام ہے‘ سیاستدانوں کا بہترین راستہ عوام سے رجوع کرنا ہے‘ مارچ کرنا نہ کرنا عمران کا فیصلہ ہے۔ جلسے کرکے عوام کے مسائل پر بات کریں‘ مسلم لیگ (ن) کے 35فیصد ایم این ایز اندر سے بھرے بیٹھے ہیں۔ پارلیمنٹ میں ان کے ایم این ایز نظر نہیں آتے۔ کئی بار کہا آپ کی آستین میں سانپ ہیں لیکن میاں صاحب میری مانتے ہی نہیں۔ میاں صاحب کو پارلیمنٹ آنے سے روکا جا رہا ہے۔ برطانیہ کو متحدہ بانی کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے۔ چھ ماہ میں متحدہ پاکستان کی پوزیشن واضح ہو جائے گی۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی لیڈر کے گھر کا گھیرائو کرنے کے حق میں نہیں کیونکہ جمہوریت رائیونڈ جا کر تصادم اور گڑبڑ کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ ویسے بھی مسلم لیگ (ن) کو کئی قتل معاف ہیں ا ور ساری مقدس گائیں بھی انکی طرف ہیں‘نندی پور پاور پراجیکٹ کا ریکارڈ جلانے کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ وہ گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن