فاروق ستار کی حالت بہتر‘ سی ٹی سکین کلیئر مزید پانچ روز ہسپتال میں رہیں گے
کراچی +اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی حالت بہتر ہے ان کو 4 سے 5 روز ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال کے مطابق فاروق ستار کے سی ٹی سکین اور بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی ہیں، ان کا سی ٹی سکین کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق 12 رکنی میڈیکل ٹیم نے ڈاکٹر فاروق ستار کا معائنہ کیا ہے۔ ٹیم میں آرتھو، نیورو، چیسٹ، ہارٹ اور میڈیسن کے ماہرین شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کو کوئی بڑی چوٹ نہیں آئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو ایگزیکٹو وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ہسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو آرام کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز 5 گھنٹے نیند لی، انکا مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور ڈاکٹر انکی صحت سے متعلق مطمئن ہیں۔ انہیں معمول کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے جبکہ رپورٹس بھی تسلی بخش ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر کی طبیعت بھی بہتر ہے۔ سکیورٹی سے متعلق ڈی ایس پی ناصر لودھی نے بتایا ڈاکٹر فاروق ستار کو ضرورت کے مطابق مناسب سکیورٹی دی جارہی ہے۔ دریں اثنا نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے فاروق ستار کو ٹیلیفون کیا اور انکی خیریت دریافت کی۔ این این آئی کے مطابق قائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے فاروق ستار کو ٹیلیفون کرکے انکی خیریت دریافت کی اور گلدستہ بھی بھجوایا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی ہسپتال میں فاروق ستار کی عیادت کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ ونگ کمانڈر سندھ رینجرز کراچی سینٹرل نے فاروق ستار کی عیادت کی، بریگیڈیئر خرم نے کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز کی جانب سے عیادت کی، کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز کی جانب سے فاروق ستار کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، فاروق ستار نے بریگیڈیئر خرم شہزاد کا شکریہ ادا کیا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو عید کی پیشگی مبارکباد دی، سندھ اسمبلی کے رہنما اور سپیکر آغا سراج درانی نے فاروق ستار کی ٹیلی فون پر خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا میں اس وقت عید کیلئے آبائی علاقے میں ہوں واپس آکر آپ سے ملاقات کروں گا، سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بھی فاروق ستار کو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی فاروق ستار نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے حادثہ خطرناک موڑ اور رکاوٹوں کی وجہ سے ہوا، حادثے کو حادثہ ہی رہنے دیا جائے، میرے ساتھیوں کو چوٹیں آئیں جس کا افسوس ہے، مجھے محسوس ہوا گاڑی کسی شے سے ٹکرائی ہے یا ٹائر پھٹا ہے۔
فاروق ستار