پنجاب کے کئی شہروں میں سرچ آپریشن‘ 510 مشتبہ افراد گرفتار‘ اسلحہ برآمد
لاہور+ اسلام آباد+ راجن پور (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) قصور‘ شیخوپورہ‘ حافظ آباد‘ ننکانہ صاحب‘ راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 510 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق راجن پور کومبنگ آپریشن کے دوران 35 فراری ہلاک ہو گئے جبکہ 82 فراریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی فورسز کے راجن پور کے قبائلی علاقے میں کومبنگ آپریشن میں 35 فراری ہلاک ہو گئے جبکہ فوجی ذرائع کا کہنا ہے یہ غلط ہے۔ کومبنگ آپریشن کے دوران 82 فراریوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 30 نے ہتھیار ڈال دیئے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ اسلحہ میں 250 کلاشنکوف‘ 10 ایل ایم جی اور برین گن‘ 65000 گولیاں اور 200 کلو بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔ آپریشن میں 5 گن شپ ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ 50 خاندانوں کو کومبنگ آپریشن کے دوران پاکستان ہاﺅس منتقل کر دیا جبکہ فوجی ذرائع کے مطابق کومبنگ آپریشن نہیں ہوا۔ وہاڑی میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے مختلف علاقوں میں سر چ آپریشن کے دوران 146مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ۔گجرات میں پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرائے عالمگیر، کھاریاں اور لالہ موسی سے 39 مشتبہ افراد کو حراست لیا۔ فیصل آباد میں جڑانوالہ ڈویژن اور گلبرگ سرکل میں سرچ آپریشن کے دوران 51 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔ جن سے 2کلاشنکوف، 2 پستول، ایک رائفل، ایک رپیٹر سمیت بھاری تعداد میں چرس اور شراب بھی برآمد کرلی گئی۔ بہاول نگر میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ کو افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ منڈی بہا¶الدین میں بھی 16مشتبہ افراد گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کر لیاگیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے تھانہ گولڑہ کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جس میں سینکڑوں گھروں اور افراد کو چیک کیا گیا۔ اس دوران چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پنجاب کے تمام ڈویژن میں کومبنگ و سرچ آپریشنز کئے گئے جس میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے 50مشکوک افرار کو گرفتار کرکے 6 ملزمان سے اسلحہ بھی برآمدکرلیا۔ فیصل آباد کے نمائندہ خصوصی کے مطابق ایلیٹ فورس کی 6 ٹیموں معہ تمام تھانوں کی نفری نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 250 سے زائد افراد کی ویریفکیشن عمل میں لائی گئی اور51 مشکوک افراد جو شناخت ثابت نہ کرسکے ان کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی کے علاقہ کالاخطائی میں علی الصبح سرچ آپریشن کیا گیا جوکئی گھنٹے تک جاری رہاگھرگھرکی تلاشی لی گئی پولیس نے 14مشکوک افراد کو گرفتارکرکے ان سے بھاری جدید اسلحہ اور منشیات برآمدکرلی ہے اور ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا ہے۔ قصور سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع بھر میں پولیس نے حساس اداروں کیساتھ ملکر مشترکہ سرچ آپریشن کیے سرچ آپریشن کے دوران13خطرناک اشتہاریوں سمیت 71افراد کو حراست میں لیکربھاری تعداد میں اسلحہ ناجائز اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے ‘ اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع بھر میں سرچ آپریشن کیا گیا جس میں 17مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس نے راولپنڈی میں سرچ آپریشن کے دوران 13 اشتہاری ملزموں کو گرفتار کر لیا۔جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے ضلع بھر میں کاروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔حافظ آباد میں پولیس نے مختلف علاقوں اور دیہات میں سرچ آپریشن کے دوران 89 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک خاتون سمیت چار ملزموں کے خلاف منشیات اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمات درج کرلئے۔ ادھر شیخوپورہ میں سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے شورکوٹ میں سرچ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ 8 اشتہاری بھی پکڑے گئے۔ علاوہ ازیں روہڑی میں 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان ایف سی کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کارروائی میں 5 دہشت گرد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
570 مشتبہ گرفتار