• news

عیدالاضحی آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائیگی‘ خیبر پی کے ‘ فاٹا میں دو عیدوں کی روایت برقرار

لاہور/ پشاور/ مکہ مکرمہ/ لندن/ دمشق (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں عیدالاضحی آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائیگی، شہریوں کی بڑی تعداد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے آج اپنی استطاعت کے مطابق لاکھوں جانوروں کی قربانی کرینگے جبکہ ملک بھر میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے۔ لاہور کی تمام چھوٹی بڑی مساجد اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی جائےگی۔ شہرکے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، داتا دربار، قذافی سٹیدیم ، منصورہ، مینار پاکستان، باغ جناح، جامعتہ المنتظر، جامعہ اشرفیہ ، جامعہ نعیمیہ، جیلانی پارک، ناصر باغ و دیگر مقامات پر ہونگے۔ نماز عید کے بعد لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے لاکھوں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ پنجاب حکومت نے عیدالاضحی پر نماز عید کی ادائیگی کے اوقات میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ سکیورٹی کےلئے نماز عید کے مقامات پر ہزاروں اہلکار تعینات ہونگے۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے اورفاٹامیں مقیم افغان مہاجرین نے اتوار کو سعودی عرب کے ساتھ ہی عید الاضحی منالی جبکہ قبائلی علاقوں اورضلع چارسدہ میں بھی بعض مقامات پر عیدمنائی جارہی ہے۔ اسی طرح خیبر پی کے اور فاٹا میں 2 عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی۔ خیبر پی کے اور فاٹامیں ایک مرتبہ پھر دوعیدیں ہوگئیں ،افغان مہاجرین کے ساتھ شبقدر، مہمند ایجنسی اور خیبر ایجنسی کے بعض مقامات پر عیدالضحیٰ منائی گئی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے برعکس شبقدر کے علاقے مٹہ میں مقامی طور پر ایک روز قبل ہی عید الاضحی کا اعلان کیا گیا۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر نماز عید کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی دی گئی۔ دوسری جانب خیبر پی کے اور فاٹا میں مقیم افغان مہاجرین نے بھی امسال سعودی عرب کے ساتھ ہی عید منائی۔ این این آئی کے مطابق متحدہ عرب امارات، خلیجی ممالک، امریکہ، فرانس اور برطانیہ سمیت یورپ بھر میں عیدالاضحی عقیدت و احترام اور جذبے ساتھ کے منائی گئی ¾ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جس کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمیی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر اور نیو یارک کے سکول بند رہے، برطانیہ میں بعض مسلمانوں نے عید جذبے کے ساتھ منائی تاہم کئی افراد آج منگل کو پاکستان کے ساتھ عید منائیں گے۔ اے پی پی کے مطابق شام میں شاذونادر ہی عوام میں آنے والے صدر بشارالاسد اپنے آبائی گاﺅں دارع میں عیدالاضحی کی نماز کے دوران عوام میں نمودار ہوئے۔ پیر کو شام کے سرکاری ٹیلیویژن نے صدر بشارالاسدکو باغیوں سے حال ہی میںخالی کروائے گئے اس آبائی گاﺅں میں عیدالاضحی کی نماز اداکرتے ہوئے دکھایا جو کہ اس سے قبل باغیوں کا گڑھ تھا۔ اس موقع پر بشار الاسد کے ہمراہ انکی حکمران جماعت بعث پارٹی کے متعد اراکین، کارکن، وزراءاور ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں لاہور پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں، شہر میں 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ ہر شہری کو تین سطحی سکیورٹی حصار میں جسمانی تلاشی کے بعد مسجد و امام بارگاہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائیگی جبکہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹر سے بھی چیکنگ کی جائیگی، سی سی ٹی وی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جائیگی۔ قبرستانوں اور پارکوں میں بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ لاہور پولیس نے اس بار عیدالاضحی کے موقع پر مانیٹرنگ کا خصوصی پلان تیار کیا ہے۔
عید الاضحی

ای پیپر-دی نیشن