عزیز بھٹی کا 51 واں یوم شہادت‘ آرمی چیف کی جانب سے قبر پر پھول چڑھائے گئے
راولپنڈی (نیٹ نیوز) آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عزیز بھٹی شہید کے یوم شہادت کے موقع پر تقریب ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے گیریژن کمانڈر کھاریاں میجر جنرل نادر خان نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقریب میں پنجاب رجمنٹ کے دستے نے سلامی دی۔ دشمن کے سامنے آہنی دیوار بننے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 51 واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید اگست 1928ءکو پیدا ہوئے، پاکستان بننے سے قبل انکے والدین ملازمت کے سلسلے ہانگ کانگ میں قیام پذیر تھے،گجرات لادیاں آکر رہائش اختیار کر لی۔ راجہ عزیز بھٹی شہید نے 1948ءمیں پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی 1956ءمیں ترقی پاکر میجر کے عہدے پر تعینات ہوگئے۔ ستمبر 1965ء میں مکار دشمن نے مادر وطن پر خاموش چڑھائی کی کوشش کی تو قوم کے بہادر سپوت سینہ سپر ہوگئے، میجر راجہ عزیز بھٹی برکی سیکٹر پر دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور ایک انچ آگے نہ بڑھنے دیا،کئی دن اور راتوں سے مسلسل لڑتے وطن کے شیر دل اور بھی مضبوط ہوگئے۔ قوم کا یہ بہادر سپوت جوانمردی سے لڑتے ہوئے بی آر بی نہر کے کنارے 12 ستمبر کو جام شہادت نوش کر گیا۔ انہیں 23 مارچ 1956ءکو پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر نوازا گیا۔
عزیز بھٹی/ یوم شہادت