• news

ایم پی اے کے آدمیوں کا کم قیمت پر بکرے نہ دینے پر بیوپاری پر تشدد

قصور(نمائندہ نوا ئے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ایم پی ا ے نے غریب شہری پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ظلم کی انتہا کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مقامی ایم پی اے گزشتہ رات عیدقربان کیلئے قربانی کا جانور لینے مویشی منڈی میں گئے جہاں پر نیامت نامی بیوپاری تقریباً 10سے 15بکرے لے کر کھڑا تھا جب مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے نے بیوپاری سے دو بکروں کا ریٹ پوچھا تو بیوپاری نے 1,80,000 روپے بتائے جس پر ایم پی اے نے ان بکروں کا 90,000 روپے ریٹ لگایا تو بیوپاری نے 90,000 ہزار روپے لینے سے انکار کر دیا۔ تھوڑی دیر بعد ایم پی اے کے 20/22ساتھی آئے اور آتے ہی بیوپاری اور اس کے بیٹوں اور بھائیوں پر گھونسوں، مکوں اور لاتوں سے حملہ کردیا اور مار مار کر بے ہوش کردیا ایم پی اے کے کارندوں نے جاتے ہوئے مبینہ طور پر ان کی جیب سے 3 لاکھ 65 ہزار چوری کرکے لے گئے جس پر بیوپاری نے پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کی جب پولیس آئی تو ان کو تمام حالات سے آگاہ کیا پولیس اہلکار کارروائی کرنے کی بجائے بااثر ایم پی اے اور ان کے ساتھیوں کا نام سن کر چپ چاپ چلے گئے۔ بیوپاری نے ڈی پی او قصور، آئی جی پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے اور کہا اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں خود کشی کرلوںگا اس سلسلے میں ایم پی اے نے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی۔

ای پیپر-دی نیشن