عوام نے احتساب کا بگل بجا دیا‘ تبدیلی ناگزیر ہو گئی: کنور عمران سعید
شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی) تحریک انصاف کے سابق ضلعی آرگنائزر کنور عمران سعید نے کہا ہے کہ عوام نے احتساب کابگل بجادیا ،تبدیلی ناگزیر ہوگئی ہے۔حکمران جماعت کے کارکنوں کی کلہاڑیاں حکمرانوں کے پائوں پرچلیں گی۔ سلمان تاثیر نے پنجاب میں اپنے گورنرراج کے دوران شاہراہوں پر کنٹینرز لگائے تھے تواس وقت شریف برادران نے کنٹینرز کیخلاف آسمان پراٹھالیا تھا اوراب اپنااقتدار بچانے کیلئے انہوں نے بھی کنٹینرز کاسہارالیا ہے مگر جوکنٹینرز اس وقت برے تھے وہ آج کس طرح اچھے ہوسکتے ہیں ۔ حکمران مضطرب عوام کے مزاج کی برہمی سے چشم پوشی نہ کریں۔اس بار لوگ فیصلہ کئے بغیراپنے گھروں میں واپس جانے کیلئے تیار نہیں۔حکمرانوں کے ہزار کنٹینرز بھی سونامی کاراستہ نہیں روک سکتے، اب انشاء اللہ 24ستمبر کو رائیونڈ مارچ بھی عوامی طاقت سے کامیاب ہوگا، اگر حکمران کرپٹ ہوں گے تو پھر انکے اقتدار کے ایوانوں اور ذاتی محلوں کے باہر عوا م احتجاج کرنے اور دھرنے دینے پر حق بجانب ہے حکومت نے ہمارے اس احتجاج کو روکنے اور کارکنوں کو گرفتار کرنے غلطی فاش کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں پیر سکندر شاہ،انعام الحق گجر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔