• news

سانحہ ماڈل ٹاﺅن یورپی یونین اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے طاہر القادری لندن پہنچ گئے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن حکومتی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا کیس ہے ۔ لندن میں وکلاءپینل سے ملاقات کے بعد معاملہ انسانی حقوق کمشن میں اُٹھائیں گے۔ اقوام متحدہ سمیت جہاں بھی جانا پڑا جائیں گے ۔ قاتل حکمرانوں کو قصاص بھی دینا پڑے گا اور سانحہ کی قتل و غارت گری کا جواب بھی۔ لندن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دو سال بعد بھی شہداءکے ورثاء او ر زخمیوں کو انصاف نہیں ملا جب چاہیں گے قصاص تحریک کے دوسرے راﺅنڈ کا اعلان کریں گے۔ انصاف کے دروازے بند ہوئے تو رائے ونڈ سمیت کہیں بھی جانے کا فیصلہ کر سکتے ہیں فی الحال رائے ونڈ جانے کی پابندی ہم نے خود اپنے اوپر عائد کی ہے یہ پابندی مستقل نہیں۔ قومی اداروں سے مایوس نہیں تاہم جتنی اپیلیں کرنی تھیں کر لیں یورپی یونین کے انسانی حقوق کمشن سے رجوع انصاف کے حصول کی جدوجہد کا حصہ ہے۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات اور کرپشن کے سدباب کے لئے آغاز حکمران خاندان سے ہونا چاہئے یہ مطالبہ اپوزیشن جماعتوں، عوام اور اس ملک کے پڑھے لکھے حلقوں کا بھی ہے۔ کرپشن اور انسانی حقوق کے دھبوں کے ساتھ ہم ایک باوقار ملک و قوم نہیں بن سکتے۔ موجودہ حکمران رہ گئے تو پھرملک کی خیر نہیں یہ کرپٹ بھی ہیں، قاتل بھی اور سلامتی کے دشمن بھی ہیں ان کے ہوتے ہوئے ملک و قوم کے نقصان کی فہرست طویل ہوتی چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف نے اپنا فیصلہ سنایا وہ ایک آزاد جماعت ہے اور ہم بھی ایک الگ اور آزاد جماعت ہیں اور انہیں اپنے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے ۔ عمران خان سے کوئی اختلاف نہیں اختلافات کے حوالے سے پراپیگنڈا یک طرفہ ہے ۔ ہمارے مقاصد اور منزل ایک ہے اور وہ منزل ظلم اور کرپشن سے پاک پاکستان ہے۔ تحریک قصاص کے پہلے راﺅنڈ میں پونے دو سو سے زائد شہروں میں تاریخ ساز احتجاجی ریلیاں نکالیں اور دھرنے دیئے ہمارے دشمنوں کو بھی علم ہو گیا کہ ہمارے کارکن نہ تھکے ہیں اور نہ قصاص کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے والے ہیں۔ تحریک قصاص کے پہلے راﺅنڈ میں حکمرانوں کی ملک دشمنی کو بے نقاب کیا اب فیصلہ ملکی عوام ، اداروں اور عدالتوں پر ہے حکمران میرے انکشافات پر مجھے نوٹس بھیجنے کی جرا¾ت نہیں کر سکے اور نہ ہی یہ جرا¾ت کر سکیں گے کیونکہ انہیں پتہ ہے میں جو کہتا ہوں وہ بلاجواز نہیں ہوتا ۔ دریں اثناءڈاکٹر طاہرالقادری لندن پہنچ گئے جہاں وہ وکلاءکے ساتھ ملاقات کریں گے ڈاکٹر طاہرالقادری کی لاہور سے روانگی کے موقع پر کارکنوں نے ان کے حق میں اور ”گونوازگو“ کے نعرے بھی لگائے۔ دریں اثنا طاہر القادری نے منگل کے روز نماز عیدالاضحی منہاج القرآن مسجد ماڈل ٹاﺅن میں ادا کی۔نماز عید ادا کرنے کے بعد وہ لوگوں میں گھل مل گئے اور عید ملی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے نمازعید کے بعد ملکی سلامتی ،دہشت گردی کے خاتمے اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہداءکیلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قاتل حکمران جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔68 سال سے ہونے والا ظلم و ستم عوام اب مزید برداشت نہیں کر سکتے۔شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ان کی لندن روانگی سے قبل ملاقات کی اور انہیں تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں شرکت کرنے کے لئے منانے کی کوشش کی تاہم ڈاکٹر طاہرالقادری نے شرکت سے معذوری ظاہر کی اور کہا پہلے سے بیرون ملک مصروفیات ہیں لہذا وہ اپنی روانگی منسوخ نہیں کر سکتے۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن