نواز شریف دودھ پیتے بچے نہیں ہر بار یاد دلاﺅں کہ پارلیمنٹ آنا ہے: خورشید شاہ نواز شریف کا فون، عید کی مبارکباد
سکھر (آئی این پی+ این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف دودھ پیتے بچے نہیں اور نہ بے بی بوائے کہ انہیں ہر بار خط لکھ کر یاد دلاﺅں کہ ان کو پارلیمنٹ میں آنا ہے یا نہیں، ان کو خود یاد رکھنا چاہئے کہ یہی پارلیمنٹ ان کے برے وقت میں ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی تھی۔ سکھر میں آیس آئی یو ٹی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دعاگو ہیں کہ عمران خان کامیاب ہو جائیں، وہ اور شیخ رشید بے شک رائے ونڈ جائیں مگر طاہر القادری تو لندن جا چکے ہیں ہم کسی کے گھر پر حملہ آور نہیں ہونگے، ہم جمہوریت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے احتجاج کا حصہ تو بن سکتے ہیں مگر کسی اور احتجاج کا نہیں، نواز شریف نے تین سال اور شہباز شریف نے آٹھ سال میں صحت کے لیے کیا کام کیا ہے بتائیں، میٹرو اور اورنج ٹرین تو چلائی ہے مگر جب انسان زندہ ہو گا تو اورنج ٹرین اور میٹرو پر بیٹھے گا، یہ اورنج ٹرین نہیں، میں اس کو ییلو ٹرین کہتا ہوں، فیصلے کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے اور عملدرآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے ہم نے کئی ایسے فیصلے کیے ہیں جن پر عمل نہیں ہوا۔ وزیراعظم نوازشریف نے عیدالاضحی اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ جاتی عمرہ میں مناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ٹیلی فونک رابط کرکے انہیں عید کی مبارکباد پیش کی جس پر اپوزیشن لیڈر نے بھی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اور وزیراعظم کو بھی عید کی مبارکباد پیش کی۔
خورشید شاہ