• news

دوسرے صوبوں کے حکمران دہشت گردوں کی حمایت کرتے ہیں‘ چانڈیو‘ ثبوت لائیں‘ ثناءاللہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے 11 نکات پر عمل درآمد پر بریفننگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا جن اداروں اور جماعتوں نے کھالیں جمع کی ہیں، ان کا آڈٹ کیا جائے گا۔ اجلاس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ اجلاس میں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے قیام، ججز اور پراسیکیوٹرز کی تعیناتی پر چیف سیکرٹری نے بریفنگ دی۔ بریفننگ میں بتایا گیا سندھ نے 8855 مدارس کی رجسٹریشن مکمل کی ہے جبکہ 1178 مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ غیر قانونی تارکین وطن کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانے اور شکار پور خود کش حملے کے معاملے پر بلوچستان حکومت سے بات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ نے اب تک فوجی عدالتوں کو 105 مقدمات بھیجے ہیں جن میں سے 59 سماعت کے لیے منظور ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فرانزک لیب قائم کرنے کے احکامات دیئے اور آئی جی سندھ کو لیب کے لیے جگہ اور اخراجات کی سمری تیار کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی سندھ نے بریفنگ میں بتایا ساﺅنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 556 افراد گرفتار کئے ساﺅنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت2115 مقدمات درج کئے گئے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے ضروری قانون سازی کرلی ہے۔ اس سال قربانی کی کھال چھیننے کے صرف 6 کیس سامنے آئے سکھر میں چار اور کراچی میں کھال چھیننے کے دو واقعات رپورٹ ہوئے صوبے میں 465 دہشت گردوں کو سزائیں سنائی گئیں ان میں سے 19 دہشت گردوں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے 105 مقدمات میں سے 29 کیس فوجی عدالتوں میں بھیجنے کے لئے کلیئر کئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولانا بخش چانڈیو نے بتایا دوسرے صوبوں کے حکمران دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں سندھ میں دہشت گردی کا کوئی حامی نہیں۔ دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی میں بیرون ملک ہاتھ ملوث ہیں۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے سامنے آ جاتی ہیں۔ آئندہ کوشش کی جائے گی کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں کے ساتھ سامنے نہ آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کی کھالیں جنہوں نے بھی جمع کیں، سب کی تحقیق کی جائے گی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن والے اب مظلوم بننا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں مظلوم بننے نہیں دیں گے۔ شیخ رشید جیسے لوگوں کو وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے تبصرہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ ایپکس کمیٹی کے جائزہ اجلاس میں صوبے میں غیر قانونی تارکین وطن کا معاملہ وفاق سے اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ این این آئی کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد شاہ نے کہاہے سی پیک کی سکیورٹی اہم ہے جس ہر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔سندھ سیکرٹریٹ کراچی میں چائنا پاکستان اکنا مک کوریڈور پر اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر اعلی سندھ مراد شاہ نے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے کہا سی پیک پاکستان کو ترقی کی نئی شاہراہوں پر گامزن کرے گا۔ سی پیک کی سکیورٹی اہم ہے اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے سی پیک کی سکیورٹی کے لئے خصوصی سکیورٹی ڈویژن بنائی ہے، ڈویژن میں چھ ونگ ہوں گے جس میں آرمی اور سول فورسز کے 4502 جوان شامل ہوں گے۔ وزیر قانون رانا ثنا، مولابخش چانڈیو کے جواب میں کہا ہے پجاب حکومت پر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا الزام غلط ہے۔ مولانا بخش چانڈیو کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔ الزام برائے الزام کی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ پنجاب سے پیپلز پارٹی کا جنازہ نکل چکا ہے۔ لاہور میں پی ٹی آئی احتجاج کے لئے صرف 5 ہزار لوگ اکٹھے کر سکی۔ این این آئی + آئی این پی کے مطابق رانا ثنا نے عوامی تحریک کے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر یورپی یونین جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے حکومت بھی سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی جے آئی ٹی رپورٹ یورپی یونین میں پیش کرے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپنے وکلا ءکا اجلاس بلا لیا ہے، ہم جے آئی ٹی رپورٹ کے ساتھ یورپی یونین کو شواہد پیش کریں گے۔ ہم بتائیں گے طاہر القادری سیاسی مفادات کیلئے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو ایشو بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا طاہر القادری سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ معاملے کو ملک کی عدالتوں میں ہی اٹھایا جائے اور یہاں کے معاملات کو باہر نہ اچھالا جائے۔ انہوںنے کہا نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں بھی رینجر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر یں گے ملک دشمن افراد جہاں کہیں بھی ہو نگے انہیں نہیں چھو ڑا جا ئے گاسہو لت کار بھی دہشت گردوں کے زمرے میں آتے ہیں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے رائے ونڈ مارچ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔ شیدے ٹلی کا عید سے پہلے قربانی کا دعویٰ تیسری بار جھوٹا ثابت ہواہے۔ گھٹیا انسان ہمیشہ گھٹیا باتیں ہی کرتا ہے۔ پی ٹی آئی کا جتھا سیاسی افہام و تفہیم کی بجائے ہر کسی کو بے عزت کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ قانون کو ہدایت کی وہ عطیات جمع کرنے کیلئے ایک قانون تیار کریں نقدی کی صورت میں عطیات دینے کی ایک حد ہونی چاہئے دوسری صورت میں عطیات چیکس کی صورت میں دیئے جائیں۔
چانڈیو/سندھ ایپکس کمیٹی

ای پیپر-دی نیشن