• news

عیدالاضحی جوش و جذبے سے منائی گئی‘ کشمیر فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر+ کامرس رپورٹر+ ایجنسیاں) ملک بھر میں منگل کے روز عیدالالضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں عید کی نماز مساجد کے علاوہ عیدگاہوں و کھلے میدانوں میں بھی ادا کی گئی اور ان بڑے اجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کشمیر اور فلسطین کی آزادی کےلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، خطیب حضرات نے نماز عید کے اجتماعات میں عیدالاضحیٰ کی اہمیت اور فلفسہ قربانی پر تفصیلی اظہار خیال کیا، جس کے بعد فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور وں کی قربانی دی ۔ صوبائی دارالحکومت میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، جامع مسجد منصورہ، قذافی سٹیڈیم ، ناصر باغ ، مسجد وزیر خان، جامعہ اشرفیہ، جامعتہ المنتظر، جامعہ نعیمیہ، مسجد دارالاسلام باغ جناح، ریس کورس پارک، مینار پاکستان ، مسجد شہدا، جامعہ رحمانیہ، جامعہ غوثیہ رضویہ گلبرگ، فردوس مارکیٹ و دیگر مقامات میں ہوئے، جانوروںکی قربانی کا سلسلہ گزشتہ روز عید کے تیسرے روز سہ پہر تک جاری رہا۔ کوئٹہ میں 300 سے زائد مقامات پر عیدالاضحی کے اجتماعات منعقد ہوئے سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ طوغی روڈ پر ہوا جہاں ہزاروں افراد نے نماز ادا کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں نماز عید ادا کی اور بعد میں لوگوں سے عید ملی۔ بلوچستان بھر میں عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ کوئٹہ کے علاوہ بولان، مچھ، سی، نصیر آباد، جعفر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، مستونگ، خضدار سمیت دیگر علاقوں میں عید کے بڑے بڑ اجتماعات منعقد ہوئے۔ اے پی پی کے مطابق بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور بھوٹان اور دیگر وسط ایشیائی ممالک میں مقیم کروڑوں مسلمانوں نے بھی نماز عید ادا کی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے مویشی قربان کئے ان ممالک میں پاکستانی سفیروں، سفارتی عملہ اور پاکستانی برادری نے بھی قریبی جامع مساجد اور پاکستان ہاﺅسز میں نماز عید ادا کی بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے سول و عسکری قیادت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد جبکہ راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میں ہوا۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے عید کی نماز جاتی عمرہ رائے ونڈ میں ادا کی۔ ان کے صاحبزاے حسین نواز بھتیجے میاں حمزہ شہباز، میاں یوسف عباس سمیت سینئر مسلم لیگی کارکنوں بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم پاکستان نے فرداً فرداً نمازیوں سے عید ملی۔ مہمانوں کی تواضع سبز چائے اور مٹھائی سے کی گئی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نماز عید ماڈل ٹاﺅن میں ادا کی وہ بغیر پروٹوکول اتفاق مسجد آئے اور وہاں نماز عید پڑھی۔ نماز کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے عام لوگوں سے عید ملی۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق بادشاہی مسجد لاہورمیں عیدالاضحی کا سب سے بڑ اجتماع ہوا ایک لاکھ سے زائد فرزاندانِ توحید نے نماز عید ادا کی، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، سیکرٹری اوقاف نوازش علی، ڈی جی اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، ڈی سی اور لاہور کیپٹن (ر) محمدعثمان، کمانڈر نیوی سمیت دیگر اہم سر کاری وسول شخصیات نے شرکت کی، عید کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ عید الاضحی درحقیقت آپس مےں ایثار ¾قربانی ¾ یگانگت ‘ اخوت ومحبت کا پیغام اور غریبوں‘ یتیموں‘ مسکینوں و بے سہارا لوگوں میں خوشیاں بانٹنے کا نام ہے۔ امت مسلمہ متحد ہوکر ہی تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ٹوبہ ٹیک س نگھ میں بھی عیدالاضحٰی کے موقع پر ضلعی پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع کمیٹی باغ میں منعقد ہوا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق ضلع کے مختلف مقامات پر نماز عیدالاضحٰی کے 350 سے زائد چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ اس موقع پر علماءکرام نے ضرب عضب کی کامیابی، امن و امان کی بحالی، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ کامرس رپورٹر کے مطابق اس بار ملک میں عید الاضحی کے موقع پر2.7فیصد زائد جانوروں کی قربانی دی گئی جبکہ کھالوں کی مجموعی مالیت 5سے 6ارب روپے بیان کی گئی ہے۔ پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق اس عید الاضحی کے دوران 75لاکھ 30ہزار کے لگ بھگ جانوروں کی قربانی کی گئی جو گزشتہ عید الاضحی کے موقع پر قربان کئے گئے 73لاکھ 30ہزار جانوروں کے مقابلے میں 2لاکھ جانور زائد ہے۔ قربان کئے گئے جانوروں میں بچھڑے اور بھینس کی کھال کی قیمت 1500روپے رہی، بکرے کے کھال کی قیمت 250روپے، بھیڑ کی کال کی قیمت 80سے 100روپے اور اونٹ کی کھال کی قیمت 800 سے1000ہزار فی کھال رہی۔ این این آئی کے مطابق ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سیاسی شخصیات نے عیدالاضحی اپنے آبائی علاقوں میں منائی۔ آصف علی زرداری نے عید الاضحی لندن میں منائی۔ قائم مقام صدر رضا ربانی نے کراچی میں عید کا دن گزارا، تحریک انساف کے سربراہ عمران خان نے عید الاضحی کا پہلا روز لاہور میں گزارا اور اپنے گھر زمان پارک میں عید منائی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے لاڑکانہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سکھر، ق لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے گجرات،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی، وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی نے فیصل آباد، سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے اسلام آباد، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد لال حویلی راولپنڈی اور لاہور، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے لاہور، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لاہور، مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ اعجاز الحق نے راولپنڈی،سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان اور دیگر نے اپنے اپنے آبائی علاقوں میں نمازعید ادا کی۔نمائندگان کے مطابق حافظ آباد میں عید کے اجتماعات میں علماءو خطباءنے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعائیں کیں جبکہ شاہدرہ اور تحصیل فیروز والا میں بھی عیدالاضحٰی کے کئی مقامات پر اجتماعات ہوئے جس میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے عیدالاضحٰی کی نماز بادشاہی مسجد میں ادا کی اس موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی اور آپریشن ضرب عضب کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
عیدمنائی

ای پیپر-دی نیشن