پاکستان او ای سی ڈی کا رکن بن گیا، آف شور کمپنیوں کی معلومات لے سکے گا
اسلام آباد/ پیرس (نمائندہ خصوصی) پاکستان اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم او ای سی ڈی کے کثیر الجہتی ٹیکس کنونشن کا رکن بن گیا ہے۔ ٹیکس کنونشن پر دستخط کے بعد رکن ممالک سے متعلقہ معلومات کا حصول ممکن ہو جائے گا۔ پاکستان تنظیم کے رکن 99 ممالک سے پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں کی معلومات لے سکے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیرس میں منعقدہ تقریب میں کنونشن پر دستخط کئے۔ اس سے قبل پاکستان نے تنظیم کی رکنیت کے حصول کیلئے ملکی ٹیکس قوانین میں ترامیم بھی کیں۔ اب ٹیکس چوری اور کالا دھن کے بارے میں رکن ممالک سے معلومات کا حصول ممکن ہو جائے گا۔ او ای سی ڈی کی طرف سے تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے دستخط کئے۔ وزیر خزانہ نے بعدازاں سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی اور کہا پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ سیکرٹری جنرل نے تنظیم کا رکن بننے پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ وزیر خزانہ نے بعدازاں ”فاﺅنڈیشن آف سٹریٹیجک ریسرچ“ تھنک ٹینک اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا سخت اور دوررس مالی و مالیاتی اصلاحات کے باعث پاکستان میں معاشی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ آئندہ برسوں میں جی ڈی پی گروتھ 6 سے سات فیصد تک جائے گی۔ دریں اثناءوزیر خزانہ سے فرانس کے کار ساز اداروں رینالٹ اور پیگوٹ کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ وزیر خزانہ نے کہا معاشی استحکام کے بعد پاکستان میں کاروں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ مزید براں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فرانسیسی وزیر خزانہ مائیکل ساپن سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم فرانس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی وزیر کو حالات کا بغور جائزہ لینے کے لئے پاکستان آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا ائر فرانس پاکستان کے لئے اپنی پروازیں شروع کرے۔ انہوں نے فرانسیسی وزیر خزانہ کو بتایا سٹیٹ بنک آف پاکستان فرانسیسی مرکزی بنک کے ساتھ معلومات کے تبادلہ کے بارے میں ایم او یو پر دستخط کرنے کا متمنی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 120 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ ہزاروں معصوم لوگ اس کی نذر ہو چکے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوا ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی حالات بہتر ہیں اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز دی دونوں ممالک کے درمیان انتظامی، معاشی اور تجارتی کمیٹی جس کی سربراہی سیکرٹری کرتے ہیں کا درجہ وزارتی کر دیا جائے۔ اس کمیٹی کے اجلاس میں باقاعدگی سے ہونا چاہئے۔ آئی این پی اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ پیرس سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فرانسیسی وزیر خزانہ نے معاشی بحالی پر اسحاق ڈار کومبارکباد پیش کی مشائل سپاں نے کہا پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی روابط مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے تین سال میں متاثرکن معاشی ترقی کی پالیسیوں کے تسلسل سے پاکستان آئندہ بھی ترقی کی تیز رفتار برقرار رکھ سکتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں بھی اتنا ہی قابل تعریف ہیں اسحاق ڈار نے کہا پاکستان، فرانس میں توانائی، زراعت، ایوی ایشن اور دیگر شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے دونوں وزراءخزانہ نے دو طرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کا دونوں ملکوں کو کاروباری کمیونٹیز کو سہولیات فراہم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ اسحاق ڈار نے پٹرولیم کمپنی کے چیئرمین سے ملاقات میں انہیں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔