• news

عالم کفر متحد ہو کر مسلمانوں کیخلاف نفرت کو ہوا دے رہا ہے: سمیع الحق

اکوڑہ خٹک (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ عالم کفر نے اکٹھے ہوکر حضرت ابراہیم ؑ کی نام لیوا امت مسلمہ کو نار نمرود میں ڈال دیا ہے اور کچھ لوگ کا فروں کی بھڑکائی ہوئی اس آگ کو پھونکیں مار کر مزید تیز کر رہے ہیں۔ جبکہ صلیبی طاقتوں کی لگائی گئی آگ کا مقابلہ امت مسلمہ اوران کے حکمرانوں کے اتحاد اور جذبہ قربانی سے کیا جاسکتا ہے ۔ مولانا سمیع الحق یہاں عیدالاضحی کے موقع پر اکوڑہ خٹک میں نماز عید کے موقع پر عیدگاہ دارالعلوم حقانیہ میں خطاب کررہے تھے میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ عیدگاہ میں گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے دارالعلوم حقانیہ کے میدان ،برآمدے اور چھتیں بھی بھر گئی تھیں،مولانا نے کہا کہ بھارت جس بے شرمی سے ہماری سرحدوں پر جارحیت کررہا ہے اس کے جواب میں ہر گلی کوچے سے جہاد کا نعرہ بلند ہونا چاہیے۔مولانا سمیع الحق نے کہاکہ کچھ لوگ انقلاب اور تبدیلی کی بات کرتے ہیں جبکہ اصل انقلاب اورتبدیلی اسلامی نظام کے نفاذ سے آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ عید قربان کا واحد سبق اسلام کے لئے ہرقسم کی قربانی دینی ہے اور امت پر آج سے زیادہ نازک وقت کبھی نہیں آیا۔ اس وقت تمام سیاستدانوں کا فرض تھا کہ وہ ایک نکتہ یعنی ملک کی خودمختاری اورآزادی پر متفق ہوجاتے مگر تمام بڑی اہم سیاسی اور مذہبی جماعتیں امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں۔ مولاناسمیع الحق نے کہاکہ اس وقت دینی مدارس حفاظت دین اور اشاعت اسلام کا آخری اور واحد ذریعہ ہیں جہاں دہشتگردی کی نہیں بلکہ امن و سلامتی کا پیغام دیا جارہاہے مگر حکومت ان مدارس کی امداد اور حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے قربانی کی کھال ان کو دینے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ اسلام دشمن مغرب کے پروپیگنڈا میں نہ آئیں بلکہ اجتماع میں پاکستان کی بقاء آزادی اور امن و سلامتی اور عالم اسلام کے استحکام کے لئے دعائیں کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن