• news

میزبانی پر پاکستان کے شکرگزار ہیں : منیجر اومان ہاکی ٹیم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اومان ہاکی ٹیم کے منیجرمحمد عبداللہ البترانی ، ہیڈ کوچ یوسفی درویش السیابی نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن انتظامیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری میزبانی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے چار میچوں کی سیریز کا انعقاد کیا۔ مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کے دونوں آفیشلز کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کا ایک بڑا نام ہے جس کے ساتھ ہاکی میچز کھیل کر ہمارے کھلاڑیوں کے تجربہ میں اضافہ ہوگا۔ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ جونیئر ایشیا کپ کے انعقاد سے پہلے پاکستان کے ساتھ کھیل کر جا رہے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ان میچز کے انعقاد سے اومان ہاکی کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈومیسٹک افیئرز نوید عالم کا کہنا ہے کہ اومان کی ہاکی ٹیم 10 سال بعد پاکستان کے دورہ پر آئی ہے جس سے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں مدد ملے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چار میچوں کی سیریز کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر(ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان کی خصوصی توجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں مدد مل رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن