• news

انٹرنیشنل فٹبالر مسعود فخری 84سال کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے

کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال ٹیم کے مایہ ناز لیفٹ ونگر مسعود فخری رضائے الٰہی سے 84 سال کی عمر میں انگلینڈ کے شہر لندن میں انتقال کرگئے۔مسعود فخری برصغیر پاک وہند کے پہلے فٹبالر تھے جنہوں نے بریڈ فورڈ سٹی کی جانب سے ڈویثرن تھری لیگ کھیلی بعدازاں انہیں بیری کلب کی جانب سے ڈویثرن 2لیگ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔وہ طویل عرصہ بیری کلب لندن کی لئے کھیلتے رہے۔ مسعود فخری 16نومبر 1932کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیدا ہوئے ۔ فٹبال کیریئر کا آغاز لاہور کے پاکستان ریڈرز کلب سے کیااور انکی خداداد صلاحیت اتنی تیزی کے ساتھ منظر عام پر آئیں کہ 18سال کی عمر میں دوسری قومی چیمپئن شپ بمقام کوئٹہ 1950میں پنجاب کی نمائندگی کا اعزاز انہیں حاصل ہوااور جب دو سال بعد تیسری سیریز ڈھاکہ میں 1952میں ہوئی تو فخری نے پنجاب کو قومی چیمپئن بنانے میں نمایاں کردار ادا کیااور فائنل میں پنجاب نے صوبہ سرحد کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔1953میں فخری پاکستان ریلوے سے وابستہ ہوگئے۔البتہ 1954میں جب 5ویں قومی چیمپئن شپ لاہور میںمنعقد ہوئی تو وہ دوبارہ پنجاب کی جانب سے بھرپور ایکشن میں نظر آئے اور فائنل میں انہوں نے پاکستان ریلوے کیخلاف 80ویں اور85ویں منٹ میں دو گول داغ کر پنجاب کو تیسری بار قومی چیمپئن بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔مسعود فخری نے 8مارچ 1952کو اپنے انٹرنیشنل کیرئر کا آغاز کیا جب پاکستان نے کولمبو کے میدان میںبرما کو چار ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں 1-0سے شکست دی۔ البتہ واحد درانی کی قیادت میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ برابر رہا اور دونوںٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرارد دیا گیا۔1952میں فخری پاکستان کی اس ٹیم میں شامل تھے جس نے کراچی میں ایران کیخلاف مقابلہ 0-0سے برابر کھیلا۔



ای پیپر-دی نیشن