عید پر سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کا راج، کوئی بھارتی فلم پیش نہ کی گئی
لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان میں اس بار عید کے موقعے پر کوئی بھی انڈین فلم نمائش کے لیے پیش نہیں کی گئی اور صرف پاکستانی فلموں کے درمیان ہی مقابلہ ہے۔طویل عرصے کے بعد ایسا ہوا ہے جب پاکستان میں عید کے تہوار پر کوئی انڈین فلم نمائش کے لیے پیش نہیں کی گئی۔عید الاضحیٰ کے موقعے پر تین پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں جن میں ’ایکٹر ان لا،‘ ’زندگی کتنی حسین ہے‘ اور ’جانان‘ شامل ہیں۔اس کے علاوہ بعض سینماو¿ں میں عاشر عظیم کی متنازع فلم ’مالک‘ بھی دکھائی جا رہی ہے جس پر وفاقی وزارتِ اطلاعات کی جانب سے اپریل میں پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ تاہم گذشتہ ہفتے سندھ ہائی کورٹ نے یہ پابندی اٹھانے کا حکم صادر کیا تھا۔’ایکٹر ان لا‘ میں کی کاسٹ میں انڈیا کے معروف اداکار اوم پوری بھی شامل ہیں۔گزشتہ برسوں میں عید کے موقعے پر پاکستانی سینماو¿ں میں صرف انڈیا فلمیں ہی نمائش کے لیے پیش کی گئیں اور کوئی بھی پاکستانی فلم سینما گھروں کی زینت نہیں بن سکی۔ سینما مالکان کے لیے بھی یہ تہوار کاروباری اعتبار سے بڑے منافع بخش ہوتا ہے اور اس لیے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ انھیں عید پر معیاری فلمیں مل جائیں۔پاکستانی فلمی صنعت کو یہ شکایت رہی ہے کہ عید پر پاکستانی فلموں کے ساتھ انڈین فلمیں بھی نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے پاکستانی فلمیں کو پذیرائی نہیں ملتی۔ لاہور کے ایک سینما کے آپریشن مینجر جہانزیب علی نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستانی فلموں کی نمائش سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہو سکیں۔ ان کے بقول سینما انڈسری کے فروع کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ انڈین فلموں کی نمائش ہونی چاہیے۔