• news

مراد علی شاہ‘ ثناء اللہ زہری میں رابطہ‘ قیام امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

کوئٹہ/ کراچی(بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امن و امان کے قیام کے حوالے سے دونوں صوبوں کے مابین باہمی روابط کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے طے کیا ہے کہ سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے دونوں صوبے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ،دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں طے کیا گیاکہ دونوں صوبوں کی پولیس ایک دوسرے سے مربوط روابط قائم کر کے سرحدی علاقوں میں نگرانی اور چیکنگ کا مشترکہ نظام قائم کریں گی تاکہ دہشت گرد، شرپسند اور سماج دشمن عناصر کسی کاروائی کے بعد دوسرے صوبے میں داخل نہ ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا۔ ہماری سکیورٹی فورسز ، پولیس، ایف سی اور لیویز اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ بھرپور انداز میںلڑ رہی ہے۔دونوں وزرائے اعلیٰ نے قیام امن کے لیے فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔دریں اثناوزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ نجی گاڑیوں میں ہوٹر، پولیس لائٹس لگی گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ون ویلنگ اور مرکزی شاہراہوں پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں نیو سندھ سیکرٹریٹ میں محکمہ پولیس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی سندھ ،ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکرٹری داخلہ اور دیگر شریک ہوئے۔ موٹرسائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ کی پابندی پرعمل درآمد کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ آگاہی مہم کے بعد کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں پولیس ٹریننگ سنٹر کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔پولیس کو جدید ہتھیار، گاڑیاں فراہم کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فنڈنگ اور بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر بھی غور کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن