کارکنوں کی رہائی : فاروق ستار اسمبلی سے استعفی دے کر سڑکوں پر آئیں‘ ساتھ دینگے : مصطفی کمال
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کے گرفتار و لاپتہ کارکنوں کی بازیابی اور رہائی کے لئے وزیراعظم، آرمی چیف، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ اور گرفتار کارکنوں کوان کے اہل خانہ میں واپس لایا جائے۔ خواجہ اظہار کی 5 گھنٹے میں رہائی پر ان کی والدہ، اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بغیر مقدمہ چلائے کئی کارکن برسوں سے گرفتار ہیں۔ ایم کیو ایم اور فاروق ستار نے کبھی ان کارکنوں کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ خواجہ اظہار کی رہائی کیلئے جو کیا گیا ایسا کبھی گرفتار کارکنوں کیلئے نہیں ہوا۔ مصطفی کمال نے کارکنوں کی رہائی کیلئے فاروق ستار سے مطالبہ کیا کہ وہ اسمبلی سے استعفیٰ دیں اور سڑکوں پر نکلیں۔ پاک سرزمین پارٹی سڑکوں پر ان سے ایک قدم آگے کھڑی ہوگی۔ وہ مراعات اور سہولتیں چھوڑ کر لاپتہ کارکنوں کیلئے سڑکوں پر آئیں اگر ایسا کرکے وہ قدم بڑھاتے ہیں تو ہم ان سے ایک قدم آگے ہوں گے۔ دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں رضا ہارون اور انیس ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن اور پاکستان میں کوئی فرق نہیں یہ صرف ایم کیو ایم کے قائد کو بچانے کے لئے ڈرامے کی لمبی قسطیں چلائی جا رہی ہیں۔حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث ہمارے دوست ممالک دشمن ملک سے اتحاد کر رہے ہیں۔ ادھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان سوشل میڈیا پر فاروق ستار کے حوالے سے جاری مواد سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فاروق ستار کا ٹوئیٹر، فیس بک سمیت سوشل میڈیا پر کسی قسم کا کوئی اکاﺅنٹ موجود نہیں ہے۔
مصطفی کمال