وزیراعظم پانامہ لیکس، سانحہ ماڈل ٹاﺅن اور قومی سلامتی کے برخلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کے سوالات کا جواب نہیں دے سک: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پانامہ لیکس، سانحہ ماڈل ٹاﺅن اور قومی سلامتی کے برخلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے، قوم ناکام اور کرپٹ حکومت کو مسئلہ کشمیر کے پیچھے نہیں چھپنے دیگی۔ نواز حکومت بتائے اس نے تین سال میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے زبانی جمع خرچ کے سوا کیا کیا؟ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطہ میں امن قائم نہیں ہو گا۔ وہ گزشتہ روز لندن میں اوورسیز تنظیمات کے صدور و دیگر پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، علی عباس بخاری اور ساجد محمود بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، وفاق اور پنجاب کی حکومت نے اپنی ماتحت ایجنسیوں کو سیاسی مخالفین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کا ٹاسک دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی ہے تو وزرائے اعظم کے درمیان دوستی کی وجہ کیا ہے اور حکمران خاندان کی شوگر ملوں میں دس، دس سال کے ملٹی پل ویزوں پر بھارتیوں کی آمدورفت کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد بقیہ 300 بھارتیوں کی فہرست بھی میڈیا کو جاری کریں گے۔
طاہر القادری