• news

لاہور: بڑے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کم ہونے سے مریضوں کے مسائل بڑھ گئے

لاہور(ندیم بسرا) لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تعداد کم ہونے سے مریضوں کے مسائل میں اضافہ ہوگیا گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ میں ایک کروڑ 20 لاکھ کے 7 وینٹی لیٹرز 4 برسوں سے استعمال میں ہی نہیں لا ئے جا سکے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میو، جناح، جنرل، چلڈرن، گنگارام میں وینٹی لیٹرز کی تعداد 220 سے 235 کے درمیان ہے ۔ ان تمام ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز چوبیس گھنٹے مصروف رہتے ہیں کسی بھی ہسپتال میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ ہی رہتا ہے کیونکہ مریضوں کی تعداد تمام ہسپتالوں میں بڑھتی رہتی ہے۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی ضروریات سڑک حادثات میں آئے مریضوں، زہر خورانی، دمہ، پسلیاں ٹوٹنے والے اور دیگر انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے لئے پڑتی ہیں۔ گورنمٹ نواز شریف یکی ہسپتال کو محکمہ صحت پنجاب نے باقاعدہ ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا ہے۔ اس ہسپتال میں 4 برس قبل ٹراما سنٹر بھی بنایا گیا جس کے لئے7 وینٹی لیٹرز خریدے گئے جس کی مالیت ایک کروڑ بیس لاکھ کے قریب بنتی ہے مگر ان کا استعمال نہیں ہو رہا۔ تمام تر وینٹی لیٹرز خالی رہتے ہیں۔ سینئر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 4 کے قریب وینٹی لیٹرز آئی سی یو میں پڑے ہیں جبکہ 3وینٹی لیٹرز علیحدہ کمرے میں پڑے ہیں۔ کوئی بھی وینٹی لیٹر استعمال میں نہیں ہے۔ اس سے ایک طرف کڑوروں روپے کی مشینری ضائع ہورہی ہے تو دوسری جانب قیمتی جانوں کو بھی بچایا نہیں جا رہا۔ سینئر ڈاکٹروں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطامبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال کے وینٹی لیٹرز کے شعبے کو فوری طور پر میو ہسپتال کے سنٹرل اور سرجیکل آئی سی یو کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ میو ہسپتال کے بے ہوشی (اینستھیزیا) شعبے کے ساتھ ملا کر ڈاکٹرز اور نرسز سٹاف کی ٹریننگ کرائی جائے تاکہ وینٹی لیٹرز کو استعمال میں لایا جا سکے ۔مریضوں کا کہنا ہے کہ اگر گورنمنٹ نوازشریف یکی گیٹ ہسپتال میں وینی لیٹرز استعمال نہیں ہورہے تو اس کو میوہسپتال کے شعبے اینستھیزیا کے حوالے کر دیا جائے تاکہ وہاں مریضوں کی زندگیاں وینٹی لیٹرز پر ڈال کر بچایا جا سکے۔ اس بارے میں محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال میں محدود سیٹ اپ ہے اس کے قریب میو ہسپتال موجود ہے مریض زیادہ تر میو ہسپتال ہی جانا پسندکرتے ہیں۔ جو مریض گورنمنٹ نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال میں آتے ہیں ان کا علاج معالجہ کیا جاتا ہے۔
وینٹی لیٹرز

ای پیپر-دی نیشن