پشاور فائرنگ‘ سادہ کپڑوں میں ملبوس تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق‘ خضدار سے دو تشدد زدہ نعشیں برآمد
پشاور + لاہور+ قصور+ شیخوپورہ (بیورو رپورٹ+ نامہ نگاران) پشاور کے نواحی علاقہ خزانہ گڑھی صحبت خان میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں سکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار شہید ہوگئے‘ 2بھائیوں سمیت تینوں اہلکار ملٹری ڈیری فارم سے دودھ لے کر کینٹ جا رہے تھے۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، وقوعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کےلئے مردہ خانہ منتقل کردیا جبکہ مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 70سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کردیا گیا جن سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے3اہلکار محمد اقبال، عبد الرحمن اور محمد فرید خزانہ کے علاقہ میں واقع ملٹری ڈیری فارم سے دودھ لے کر کینٹ اور دیگر فوجی مقامات پر تقسیم کرنے کےلئے نکلے۔ گڑھی صحبت خان کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4مسلح افراد نے کیری ڈبہ پر فرنٹ اورعقب سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں موجود تینوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ صبح سویرے پیش آنے والے اس واقعہ سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پشاور پولیس نے ٹارگٹ کلنگ واردات کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرتے ہوئے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لئے جبکہ واقعہ کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی میں تھانہ خزانہ کے ایس ایچ او داد محمد خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق داعش اور کالعدم طالبان نے ذمہ داری قبول کرنے کے دعوے کئے ہیں۔ این این آئی کے مطابق تربت میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ مزیدبراں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ نامہ نگار کے مطابق پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 48 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے حساس اداروں نے اعلیٰ حکام کو پیشگی خبردار کیا ہے شکارپور واقعہ کے بعد لاہور میں بھی دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ فیروزوالا میں دو تھانوں کی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ افراد طارق‘ مظہر‘ اظہر‘ رحمت وغیرہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق حساس اداروں اور پولیس نے ملتان میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ نامہ نگار خصوصی/نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شیخوپورہ میں سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈی پی او قصور علی ناصر نے بتایا ضلع بھر میں پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 57 افراد کو حراست میں لیکر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کوٹ رادھا کشن میں پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔ میانوالی میں 2افراد پکڑے گئے جبکہ وہاڑی کے نواحی گاﺅں چک نمبر 105/WB میں پولیس نے گھر گھر تلاشی اور سرچ آپریشن کیا اور غیرقانونی اسلحہ برآمد کرکے 16 ملزموں کوگرفتار کر لیا اور انہیں خفیہ مقام پر منتقل کر دیا۔
کوئٹہ (بی بی سی) بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال کے علاقہ گریشہ سے دو افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔ جبکہ خضدار انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے دونوں افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے دونوں افراد کی شناخت جمعہ خان ساجدی اور محمد جان ساجدی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں افراد کا تعلق خضدار سے متصل آواران کے علاقے مشکے سے تھا تاہم دونوں کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے مطابق 2010ءسے لے کر اب تک 950 سے زائد نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تاہم لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا کہنا ہے ان کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
خضدار / نعشیں