• news

چین سے ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے: پرویز رشید

بیجنگ (اے پی پی) عوامی جمہوریہ چین کے وزیر ثقافت مسٹر لو شوگانگ نے پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات سلک روڈ عالمی ثقافتی نمائش کے موقع پر گانسو صوبہ کے شہر ڈوآنگ ہوآنگ میں ہوئی۔ چینی وزیر نے سینیٹر پرویز رشید کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر مستحکم ہیں جو ثقافت سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں تسلسل کے ساتھ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ چینی وزیر نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب شاہراہ ریشم کے گرد آباد ممالک ثقافت کی ترقی کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں‘ ان لمحات میں پاکستان کی یہاں موجودگی بہت اہم ہے۔ اس نمائش میں دنیا کے 85 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ چینی وزیر ثقافت نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ 13 کلچرل ایکسچینج پروگرام جاری ہیں۔ یہ پروگرام دنیا کے کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔ اس سال پاکستان کی ثقافتی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے کے لئے مزید ثقافتی طائفے پاکستان بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے اسلام آباد میں کلچرل سنٹر کے قیام کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے لئے مزید شعبوں کی نشاندہی میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سطح پر رابطوں میں اضافہ کے سلسلے میں چین اپنے مغربی ریجن کے لوگوں کی مزید حوصلہ افزائی کرے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے حکومت چین کی مہمان نوازی اور انہیں بلانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دل و دماغ کی سطح تک گہرے ہیں۔ تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے کے سلسلے میں چینی وزیر کی خواہش کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ثقافتی تعلقات سمیت تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ چینی عوام اور حکومت ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے۔ وفاقی وزیر نے چائنہ کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے چینی وزیر ثقافت کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔ ان دوروں کا وقت سفارتی سطح پر رابطوں میں طے کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن