• news

بلوچستان: حب میں گھر کے اندر فائرنگ، میاں بیوی بچے سمیت جاں بحق، چمن میں فٹبالر قتل

حب (آئی این پی ) کراچی سے جڑے بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں نامعلوم ملزمان نے ایک ہی خاندان کے تین افراد کو گھر میں گھس کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق حب سٹی تھانہ کی حدود میں اشوک پمپ کے قریب گھر سے میاں، بیوی اور ان کے ایک سالہ بچے کی لاشیں ملیں جنہیں نامعلوم ملزمان نے گھر کے اندر فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی کارروائی کے بعد لاشیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ پولیس تہرے قتل کے ملزموں کا پتہ چلانے اور اس واردات کی وجوہات جاننے کیلئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ چمن میں نوجوان فٹبالر کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کر دیا، نعش رحمان کہول روڈ سے ملی ۔ لیویز ذرائع کے مطابق چمن کے مقامی کلب کے نوجوان فٹبالر حزب اللہ گزشتہ شام کو گھر جاتے ہوئے لاپتہ ہوئے تھے جن کی نعش چمن کے رحمان کہول روڈ سے ملی ہے۔ لیویز نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال چمن منتقل کیا جہاں ابتدائی رپورٹ کے مطابق انہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ دوسری جانب کوئٹہ چمن شاہراہ پر قلعہ عبداللہ کے قریب کار کی ٹکر سے ناکے پر کھڑا لیویز اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ ڈرائیور کار سمیت فرار ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن