ناکے لگا کر کھلے دودھ کی چیکنگ، فوڈ اتھارٹی قواعد پر سختی سے عمل کرے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ناکے لگا کر کھلے دودھ کی چیکنگ کیلئے قواعد وضوابط پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے مِلک سیلرز ایسوسی ایشن کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسر ناکے لگا کر کھلے دودھ کی گاڑیاں روکتے ہیں۔ دودھ کی چیکنگ قواعد وضوابط کے مطابق کرنے سے پہلے ہی سارا دودھ ضائع کر دیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز نے عدالت کو بتایا کہ ناکوں پر کھلا دودھ قانون کے مطابق چیک کیا جاتا ہے۔ پنجاب پیور فوڈ رولز کی دفعہ 46 اور 50 کے تحت فوڈ سیفٹی افسر ناکوں پر الیکٹرو میٹر کے ذریعے دودھ کا گاڑھا پن، چکنائی اور دیگر معیار چیک کرتے ہیں۔ اگر دودھ غیرمعیاری ہو تو ضائع کیا جاتا ہے۔ عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد تمام درخواستیں نمٹا دیں۔