ملتان اور کشمور میں کانگو کے 2 مریض ہلاک راجن پور کی خاتون میں وائرس کی تصدیق کراچی میں ڈینگی سے لڑکی جاں بحق
ملتان + کشمور (سٹاف رپورٹر + این این آئی) ملتان اور کشمور میں کانگو کے 2 مریض ہلاک ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 22 سالہ نوجوان شیرزمان کو 3 روز قبل کانگو وائرس کے شبے میں رحیم یارخان کے شیخ زید ہسپتال میں داخل کرایاگیا تھا، جہاں وہ علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ نشتر ہسپتال میں زیرعلاج شخص کانگو وائرس میں مبتلا ہو کرجان کی بازی ہار گیا۔کانگو بخار کے شبہ میں گزشتہ روز بھی نشتر ہسپتال میں ایک مریض لایا گیا۔ یوسف کالونی ملتان کا رہائشی 43 سالہ خالد محمود گزشتہ 8 روز سے بخار میں مبتلا ہے۔ نشتر ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق مریض کے خون کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کیلئے لیبارٹری روانہ کر دیئے گئے ہیں۔راجن پور کی 40 سالہ خاتون میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ موضع جہانکوٹ کے چک گبول کی نسیم مائی کو دو روز قبل بخار کی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال راجن پور داخل کرایا گیا جہاں ٹیسٹ کے بعد کانگو وائرس کے شبہ میں اسے نشتر ہسپتال ملتان ریفر کیاگیا۔ متاثرہ خاتون میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد اسے اسلام آباد منتقل کئے جانے کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ نشتر ہسپتال ملتان کے ماہرین طب کی ہدایت پر متاثرہ خاتون کے 4 بچوں سمیت گھر کے 7 افرادکو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور منتقل کیا گیا۔ کراچی میں ڈینگی وائرس نے ایک اور جان لے لی۔ 13 برس کی لڑکی جاں بحق ہو گئی ۔ رواں برس ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔13 برس کی عروج گلشن معمار کی رہائشی تھی، ڈینگی وائرس سے متاثر ہو کر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں لیبارٹری کی ٹیسٹ رپورٹس میں متاثرہ بچی میں ڈینگی بخار کی تصدیق کی گئی۔ متاثرہ بچی کے رہائشی علاقے میں واٹر بورڈ کی پائپ لائن لیکیج سے صاف پانی کھڑا ہے جہاں ڈینگی کے مچھروں کی بہتات ہے جس کی وجہ سے علاقے میں ڈینگی وائرس سے متعدد بچے بھی متاثر ہوچکے ہیں۔