• news

سانحہ ماڈل ٹائون: عوامی تحریک کے سیکرٹری خرم نواز کی عبوری ضمانت منظور، قواعد کے برعکس گاڑی ہائیکورٹ کے احاطے میں لے آئے

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل اور سانحہ ماڈل ٹائون کی پہلی ایف آر کے ملزم خرم نواز گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ 23 ستمبر تک خرم نوازگنڈا پور کو گرفتار نہ کیا جائے۔ جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خدشہ ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں بیان ریکارڈ کرنے سے پہلے پولیس خرم نواز گنڈاپور کو گرفتار کر لے گی لہٰذا ملزم کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ قبل ازیں خرم نواز گنڈاپور سکیورٹی قواعد و ضوابط کے برعکس گاڑی میں بیٹھ کر حفاظت ضمانت منظور کرانے احاطہ ہائیکورٹ میں داخل ہوگئے۔ خرم نواز گاڑی نمبر کیو زیڈ 273 لیکر مسجد گیٹ سے داخل ہوکر عدالت تک پہنچے اور حفاظتی ضمانت کرا کر اسی عدالت کے سامنے سے گاڑی میں بیٹھ کر عدالت عالیہ سے واپس روانہ ہوئے۔ انچارج سکیورٹی لاہور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ملزم خرم نواز کو پروٹوکول دینے کا علم نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن