• news

کپواڑہ : عدالت کا بھارتی فوج کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ میں عدالت نے بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کے دو مکانوں اور ایک نجی گاڑی کی توڑپھوڑ کرنے پر بھارتی فوج کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بارایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈووکیٹ بلال ملک اور ایک سابق سرکاری ملازم علی محمد ملک نے عدالت میں کیس دائر کیاتھا جس میں کہاگیا تھا کہ 14ستمبر کی صبح ساڑھے 8بجے بھارتی فوج کی کانوائے کپواڑہ سے ترہگام کی طرف جا رہی تھی اور ہائن کپوارہ پہنچنے پر فوجی اہلکاروں نے گاڑیوں سے اْتر کر اْن کے مکانوں اور ایک گاڑی کی توڑ پھوڑ کی جس سے اْن کے مکانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے عدالت سے کہا کہ جب بھارتی فوج نے مکانوں کی توڑ پھوڑ کی اْس وقت علاقے میں کوئی پتھرائو نہیں ہو رہا تھا اور بلا وجہ اْن کے مکانوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔شکایت پر کپواڑہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایس ایچ او ترہگام کو ہدایت دی کہ وہ بھارتی فوج کی 68مائوٹین بریگیڈ کے ٹاون کمانڈر ترہگام اور کانوائے کمانڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی کرے۔بار ایسوسی ایشن کپوارہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کو سزادینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن