• news

ڈیرہ اسماعیل خان:پک اپ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان+ مانگا منڈی+ ڈسکہ+ گوجرانوالہ+شیخوپورہ (آئی این پی+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) ٹریفک کے مختلف حادثات میں میاں بیوی سمیت 13 افراد جاں بحق‘ 17زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹ فلک میں ڈرائیور کی غفلت سے پک اپ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری ، حادثے میں سات افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ انتظامیہ کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت 7افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں چار مسافر زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پولیٹیکل ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں 2خواتین اور 2بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ علاوہ ازیں مسافروں سے بھری ویگن اوکاڑہ سے لاہور جا رہی تھی جب وہ مانگا تھانہ کے قریب ملتان روڈ پر پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث اس کا ٹائر پھٹ گیا اور و ہ قلابازیاں کھاتی ہوئی دور کھیتوں میں جا گری اور مکمل طور پر تباہ ہوئی گئی ۔ جس کے نتیجے میں ابو سفیان اور ایک نا معلوم موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ امتیاز حسین ، محمد احمد، عرفان، ناصر محمود، عامر ، بھاگ بھری، صدیقاں بی بی ، ابرار حسین، جبار حسین، اعجاز حسین، عشرت بی بی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فور ی طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا گیا اور 6زخمیوں کو تشویشناک حالت کی وجہ سے فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا۔ جبکہ فیکٹری ملازم شہزاد سڑک کے کنارے کھڑا تھا کہ تیز رفتار ویگن نے اس کو ٹکر ما ردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ متوفی سرائے مغل کا رہائشی بتایا جاتا ہے اور مانگا کے قریب فیکٹری میں ملازم تھا۔ آزاد کشمیر کے رہائشی سہیل احمد اپنی بیوی آسیہ کے ہمراہ رکشہ میں سوار ڈسکہ کی جانب آ رہا تھا کہ گلوٹیاں موڑ کے قریب رکشہ تیز رفتار ہونے کی وجہ سے بے قابو ہوکر سامنے کھڑی بس سے ٹکرا گئی‘ بس سے ٹکرا کر چاند گاڑی چکناچور ہوگئی اور اس میں سوار تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ڈرائیور کا نام خورشدی احمد بتایا جاتا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کیا‘ متعلقہ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تھانہ بھکھی کے علاقہ اڈا فیروز وٹواں کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دونوں زخمیوں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہو گئے بتایا گیا ہے کہ محمد اشرف اپنی بیوی کے ساتھ موٹرسائیکل پر مانانوالہ جا رہا تھا کہ فیروز وٹواں کے قریب پیچھے سے آنے والی مسافر بس نے انہیں کچل دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے انہیں مخدوش حالت کی بناء پر ہسپتال لایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن