نوازشریف سے ملاقات‘ کیری نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا: امریکی ترجمان
نیویارک (آن لائن) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر دہشتگرد گروپوں کے خلاف مزید اہم اقدامات کے لئے دبائو جاری رکھا جائے گا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشتگرد گروپوں کے خلاف موثر طور پر نمٹنے کے لئے پاکستان کی جانب سے مزید اقدامات کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً پاکستان اور امریکہ کے انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور جان کیری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ ایجنڈے کے علاوہ علاقائی ایجنڈا پر بھی بات چیت کی گئی ۔ جن میں کیری نے پاکستان کی جانب سے اس کے سرحدی علاقوں میں روپوش دہشتگرد گروپوں کے خلاف مزید موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کے لئے پاکستان پر نہ صرف دبائو بڑھاتا رہے گا بلکہ انسداد دہشتگردی کے لئے پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون بھی جاری رہے گا ۔دریں اثناء پاکستانی وقت کے مطابق رات گئے بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی نے وزیر خارجہ جان کیری اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات کے حوالے سے کہا دوطرفہ تعلقات، پاکستان امریکہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ پربات چیت کی گئی۔ جان کیری اور نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے کشیدگی میں کمی کیلئے تمام فریقین کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ افغانستان سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جان کیری نے پاکستان کی معاشی بحالی پر نواز شریف کی کوششوں کو سراہا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستانی تعاون اور ترجیحات کے تعین کا بھی خیرمقدم کیا۔ جان کیری نے کہا پاکستان دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دے۔ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرے۔