اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریر سے مسئلہ کشمیر حل ہوگا نہ پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ جانے کا ارادہ ہے: خورشید شاہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے حکومت کو انتہائی محتاط ہوکر چلنا ہوگا اور محتاط رویئے کے ذریعے ہی صورتحال کا سامنا کرنا ہوگا کیونکہ صورتحال خراب ہوئی تو کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہوگی۔ احتجاج کرنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے۔ عمران خان کو بھی چاہئے اپنے احتجاج کو پُرامن رکھیں۔ پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی ایک تقریر سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔ ان کی تقریرآئی واش کے سوا کچھ بھی نہیں اور یہ ساری باتیں وزیراعظم بھی سمجھتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل جنگ کے ذریعہ ممکن نہیں۔ کشمیر کا معاملہ حل کرنا ہے تو ہمیں اپنے سفارتی رابطوں کو فعال اور اقوام عالم کو ہم نوا بنانا ہوگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا پانامہ کے ایشو پر سپریم کورٹ جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ حکومت چاہے تو پانامہ ایشو ایک گھنٹے میں حل کر سکتی ہے۔ ہم پارلیمنٹ سے قطعی ناامید نہیں۔ اگر پانامہ ایشو پارلیمنٹ میں حل نہ ہوا تو پھر دیگر آپشنز پر سوچیں گے۔