عمران‘ طاہر القادری کو گرفتار کر کے 11 اکتوبر تک پیش کیا جائے‘ ملزم جلسے کرتے پھر رہے ہیں‘ پولیس کو نہیں مل رہے: عدالت
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی کو حکم دیا ہے کہ دونوں کو گرفتار کرکے 11 اکتوبر تک عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم جلسے کرتے پھر رہے ہیں اور پولیس کو مل نہیں رہے۔ کیس کی سماعت جج سہیل اکرام نے کی۔ ملزموں کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوا جبکہ تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او نے تعلیمی رپورٹ پیش کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولیس نے گرفتاری کیلئے ملزموں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں‘ تاہم وہ گھروں پر موجود نہیں تھے جس پر عدالت نے مذکورہ رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزم جلسے جلوس کرتے پھر رہے ہیں اور پولیس گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔