پاکستان ترکی کا دہشت گردی میں مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور ترکی نے انتہاپسندی، دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف سے ترکش بری فوج کے کمانڈر جنرل صالح ذکی نے گذشتہ روز ملاقات کی۔ خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ خواجہ آصف نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ترکی کو پیشکش کی کہ سپر مشاق طیارے ترکی کو فروخت کیے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ترک بری فوج کے سربراہ جنرل صالح ذکی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون، تربیت اور علاقائی استحکام سے متعلق امور زیر غور آئے۔ دونوں سربراہوں کے درمیان دفاع، سکیورٹی تعاون، تربیت اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ترکی بری فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ ملاقات کے بعد ترک کمانڈر نے جنرل ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ علاوہ ازیں جنرل راحیل شریف نے ترکی کی وزیر دفاع سنیٹر رابرٹاپنوٹی نے بھی جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ترک وزیر دفاع نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے اٹلی کے وزیر دفاع نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دفاعی تعاون اور خطے کی سکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔