کراچی: فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا اے ایس آئی شہید، زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی میں رینجرز نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحہ میں کلاشنکوف، رائفل، نائن ایم ایم پستول، بولٹ پروف جیکٹس، بارودی مواد اور سینکٹروں کی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔ ادھر جمشید کوارٹر کے علاقے بلوچ پاڑہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کا اے ایس آئی شہاب حیدر جاں بحق جبکہ لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب اور نیو کراچی میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ، ملیر سے لیاری گینگ وار کا کارندہ جبکہ شیریں جناح کالونی سے 3 ملزم پکڑے گئے‘،ملیر سالار گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ملزم 5 افراد کے قتل میں ملوث ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ بن قاسم سے 7 جواری پکڑے گئے۔دریں اثناء رینجرز اور پولیس نے جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ میں مشترکہ آپریشن کے دوران 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ اس دوران داخلی و خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ ماری پور میں کارروائی میں تین ملزم گرفتار‘ اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔