• news

ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخی کیلئے درخواست کا فیصلہ نہ کرنے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کی سیاسی جماعت کی حیثیت سے رجسٹریشن کی منسوخی کے لئے دائر درخواست کا فیصلہ نہ کرنے پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے اور مزید سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کرکے کیس فل بنچ کو بھجوا دیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی عدالت میں درخواست گزار آفتاب ورک کے وکیل احمد اویس نے بتایا کہ آئین کے تحت سیاسی جماعت کا محب وطن ہونا لازم ہے، ایم کیو ایم کے قائدین کے بیانات سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ جماعت محب وطن نہیں۔ ایم کیو ایم کے قائدین کے بیانات کی روشنی میں ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت کی حیثیت سے رجسٹریشن منسوخ کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئین اور قوانین کے تحت کوئی بھی شہری وفاقی حکومت کو درخواست دے سکتا ہے۔ حکومت اس درخواست کی سرے سے سماعت ہی نہ کرے یا اس پر فیصلہ سنائے یہ حکومت کا استحقاق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن