• news

ہائیکورٹ نے 7 سالہ بچی ماں کے حوالے کر دی‘ باپ کے ساتھ جانے کیلئے چیخ و پکار

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بچی حوالگی کیس میں 7 سالہ ثناء کو باپ سے لے کر ماں کے حوالے کر دیا، عدالتی فیصلہ سنتے ہی بچی باپ کے ہمراہ جانے کے لئے چیخ و پکار کرتے ہوئے دھاڑیں مار کر روتی رہی۔ جسٹس ارم سجاد گل کی عدالت میں درخواست گزار قصور کی رہائشی صغریٰ بی بی نے بتایا کہ اس کے خاوند نے اسے مار پیٹ کر گھر سے نکالا اور دوسری شادی کر کے بچی چھین لی۔ عدالتی حکم پر 7 سالہ ثنا کو اس کا والد اشرف عدالت میں لے کر پیش ہوا۔ جس پر عدالت نے سات سالہ ثنا کو باپ سے لے کر ماں کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے بچوں کی حوالگی کے ایک اور کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چار سالہ علی حسنین اور ڈیڑھ سالہ حمیرا کو ماں جبکہ نو سالہ علی رضا اور سات سالہ زنیرہ کو باپ کے حوالے کردیا۔ عدالت نے دونوں فریقین کو بچوں کی مستقل حوالگی کے لئے گارڈین عدالت سے رجوع کرنے کی ہدائت کر دی۔ نصیراں بی بی نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے خاوند عبدالغفار نے گھریلو لڑائی جھگڑے کے بعد اسے مارپیٹ کر گھر سے نکالا اور بچے چھین لئے۔

ای پیپر-دی نیشن